20 جنوری ، 2014
وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہدہشت گردی کے خلاف جنگ عام جنگ نہیں، ایک ان دیکھے اور چھپے ہوئے دشمن سے لڑ رہے ہیں۔ سول اور فوجی قیادت ایک پیج پر ہے ، سانحہ بنوں کا درد نہ صرف فوج بلکہ حکومت اور ملک کے ہر کونے میں محسوس کیا گیا ہے۔ بنوں میں بریگیڈ ہیڈکوارٹرز کے دورہ کے موقع پر وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ عام جنگ نہیں، ایک ان دیکھے اور چھپے ہوئے دشمن سے لڑ رہے ہیں۔ دشمن چھپ کے وارکرتا ہے اور پھر اسلام کی آڑ میں پناہ لینے کی کوشش کرتا ہے۔چوہدری نثار نے فوجی جوانوں کی شہادت پر وزیراعظم اور حکومت کی جانب سے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہر فوجی کے خون کا ایک ایک قطرہ انمول ہے ، سیکیورٹی فورسز کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے ہرممکن اقدامات کیے جائیں گے۔