23 جنوری ، 2014
پشاور…قبا ئلی علاقوں میں2014 کی پہلی انسداد پو لیو مہم کے دوران 10ہزار 700 سے زیادہ بچے پولیو سے بچاوٴ کے قطروں سے محروم رہے۔ قبائلی علاقوں میں2014 کی پہلی تین روزہ انسداد پولیو مہم کی رپورٹ جاری کر دی گئی ہے۔ 6 جنوری سے 8جنوری تک جاری رہنے والی مہم کے دوران 6 لا کھ61ہزار 907 بچوں کو پو لیو ویکسین پلا نے کا ہدف مقر ر کیا گیا تھا۔تاہم 6 لاکھ 51 ہزار152بچوں کو قطرے پلا ئے جا سکے۔ رپورٹ کے مطابق خیبر، مہمند، باجوڑ اورکزئی اورکرم ایجنسی میں 10ہزار سے زیادہ بچے گھروں میں موجود نہ ہونے یا والدین کے انکار کی وجہ سے پولیو ویکسین سے محروم رہے۔ سیکورٹی وجوہات کے باعث شمالی اور جنوبی وزیرستان میں پولیو مہم نہیں ہو سکی جس کی وجہ سے دو لاکھ سے زیادہ بچوں تک رسائی نہ ہوسکی۔ محکمہ صحت فاٹا حکام نے دعویٰ کیاہے کہ رواں سال کے اختتام تک قبائلی علاقوں کو پولیو سے پاک کر دیا جائے گا۔