Geo News
Geo News

پاکستان
25 جنوری ، 2014

طالبان سے مذاکرات میں سنجیدگی دکھائی جائے،دفاع پاکستان کونسل

طالبان سے مذاکرات میں سنجیدگی دکھائی جائے،دفاع پاکستان کونسل

اسلام آباد…دفاع پاکستان کونسل نے مطالبہ کیا ہے کہ طالبان سے مذاکرات کے سلسلے میں سنجیدگی دکھائی جائے، وزیرِ اعظم اس بارے میں قوم کو دو ٹوک آگاہ کریں۔ دفاع پاکستان کونسل نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فوجی آپریشن میں بے گناہ افراد کے قتل عام سے گریز کیا جائے، آپریشن کا آپشن کسی نے نہیں دیا، اسی کو ترجیح بنا کر پارلیمنٹ اور اے پی سی کے فیصلوں کا مذاق اڑایا گیا۔ مولانا سمیع الحق کی زیر صدارت دفاع پاکستان کونسل کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔ کونسل کا کہنا ہے کہ حکومت اے پی سی کے متفقہ فیصلے کو سبوتاژکررہی ہے، مذاکرات کسی بھی ذریعے سے ہوں، معاملے کا حل اسی میں ہے۔ دفاع پاکستان کونسل نے مطالبہ کیا ہے کہ وزیراعظم طالبان سے مذاکرات کے بارے میں قوم کو واضح طور پر آگاہ کریں اور سنجیدگی کا مظاہرہ کیا جائے۔ اجلاس میں جماعت اسلامی کے امیر سید منور حسن، سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ، انصار الامہ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان خلیل، مسلم کانفرنس کے سردار عتیق، مسلم لیگ ضیا کے اعجاز الحق نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے 5فروری کو ملک بھر میں تقاریب منعقد کی جائیں گی۔

مزید خبریں :