31 مارچ ، 2012
کراچی … سندھ نیشنل فرنٹ کے چیئرمین ممتاز بھٹو نے کہا ہے کہ حکومت نے عوام کی کھال نوچ لی ہے اگر چند ماہ موجود رہے تو ہڈیاں بھی نہیں بچیں گی۔ انہوں نے کہا کہ فوری غیرسیاسی اور غیر جانب دار نگراں حکومت قائم کرکے الیکشن کروائے جائیں۔ یہ بات انہوں نے کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ سندھ نیشنل فرنٹ کے چیئرمین ممتاز بھٹو کا کہنا تھا کہ ملک کی معیشت تباہ و برباد ہوگئی ہے اور خزانہ بھی خالی ہے، ملک کی دولت لوٹنے والوں کا احتساب کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جو ذہنی طور پر مریض ہو وہ صدر نہیں بن سکتا، دو عہدے رکھنے سے متعلق عدالت کے فیصلوں پر بھی توہین عدالت ہورہی ہے۔ ممتاز بھٹو نے کہا کہ ہم نے دیکھا ایوب خان کے زمانے میں لوگ نکل پڑے اور اس کو بھی جانا پڑا، ایسے حکمرانوں کو بال پکڑ کر گھسیٹنا پڑے گا یہ ایسے اقتدار نہیں چھوڑیں گے۔ لاڑکانہ میں کھوڑو قبیلے کے افراد نے بھٹو فیملی کے کاشتکاروں کے گھروں پر حملہ کیا، شکایات کے باوجود کاشتکاروں کے گھرپر حملہ کرنے والوں کو گرفتار نہیں کیا گیا۔ ممتاز بھٹو کا کہنا تھا کہ صوبے کا مطالبہ ان کو کرنا چاہئے جن کی اپنی زمین ہو، پناہ لینے کیلئے آنے والوں کو صوبے کے مطالبے کا حق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپنی جماعت کو مسلم لیگ ن میں ضم کرنے یا ان سے اتحاد کے معاملے پر پارٹی میں مشاورت جاری ہے۔