31 مارچ ، 2012
کراچی … عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صدر سینیٹر شاہی سید نے گزشتہ رات سے اب تک ہونے والے تمام واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ظلم جبر ،زیادتی کی پہلے بھی مذمت کی تھی اور آئندہ بھی کریں گے۔ اے این پی کے جاری کردہ بیان کے مطابق انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کسی بھی صورت میں ہو اس کی مذمت کرتے ہیں، بے گناہ انسانوں کے خون سے ہاتھ رنگنے والے انسان نہیں درندے ہیں، عوامی نیشنل پارٹی کی تاریخ قربانیوں سے بھر ی پڑی ہے عدم تشدت ہی ہمارا اسلحہ ہے جس سے ہم نے وقت کے ہر جابرکا مقابلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دفاتر پر بڑے پیمانے پر چھاپوں، رہنماوٴں اور کارکنان کی گرفتاریوں کے بعد اب قانون نافذ کرنے والوں کا اصل امتحان شروع ہوگا، کراچی کے امن کی خاظر خون کے کڑوے گھونٹ پی رہے ہیں۔ ان کاکہنا ہے کہ شہر بھر میں قائم نو گو ایریاز کا خاتمہ اب یقینی بنانا ہوگا بصورت دیگر ہم اپنا فیصلہ کرنے میں آزاد ہوں گے، جے آئی ٹی رپورٹس کی روشنی میں کراچی کا امن تباہ کرنیوالے اصل ذمہ داران کو گرفتار کیا جائے۔