کاروبار
01 اپریل ، 2012

پٹرولیم مصنوعات اور سی این جی کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ

 پٹرولیم مصنوعات اور سی این جی کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ

اسلام آباد… حکومت نے سی این جی کی قیمتوں میں اضافے کے بعد عوام پر ایک اور پٹرول بم گرادیا۔ حکومت نے پٹرول کی قیمت میں 8 روپے 2 پیسے اضافہ کردیا جس کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 105روپے 68 پیسے فی لیٹر ہوگئی ، ڈیزل 4.70 روپے اضافے کے ساتھ 108.16 روپے کا ہوگیا جبکہ مٹی کے تیل کے نرخ 5روپے 29 پیسے بڑھائے گئے جس سے اس کی نئی قیمت 101.69 روپے مقرر ہوئی۔ قیمتوں میں اضافے کے بعد ملکی تاریخ میں پہلی بار تیل کی قیمتیں 100 کا ہندسہ عبور کرگئیں ۔ علاوہ ازیں سندھ اور وسطی پنجاب میں سی این جی کی قیمت میں 9 روپے 93 پیسے اضافہ کیا گیا جس کے بعد اس کی نئی قیمت 80.97 روپے فی کلو ہوگئی جبکہ اسلام آباد ، راولپنڈی ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں سی این جی کی قیمت 11روپے 98پیسے بڑھائی گئی اور نئی قیمت 89 روپے 10 پیسے مقرر ہوئی۔ پٹرولیم منصوعات کی قیمتوں میں اضافے پر شہری بلبلا اُٹھے اور شدید ردعمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس اضافے کے ساتھ ہی ملک میں مہنگائی کا طوفان آئے گا ۔ تفصیلات کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ پٹرول کی قیمت 8.02 روپے فی لیٹر اضافے سے 105.68 روپے ہوگئی ہے۔ مٹی کے تیل کی قیمت 5.29 روپے فی لیٹر اضافے کے بعد 96.40 روپے سے بڑھ کر 101.69 روپے ہوگئی ہے۔ ہائی اسپیڈڈیزل کی قیمت میں 4.70 روپے فی لیٹر کا اضافہ ہوا ہے جو 108.16 فی لیٹر ہوگئی ہے۔ ہائی اوکٹین کی قیمت میں 8.94 روپے فی لیٹر کا اضافہ کیاگیا ہے۔ اوگرا نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے کی تجویز دی تھی، اس کا موقف تھا کہ پٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی میں کمی کرکے صارفین کو ریلیف دیا جائے تاہم وزارت خزانہ کی طرف سے اوگرا کی تجویز رد کردی گئی۔ نئی قیمتوں کااطلاق ہفتہ اور اتوارکی درمیانی شب سے ہوگیا ہے۔ ادھرملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ پٹرول کی قیمت 100 کا ہندسہ عبورکرگئی ہے ، قیمت کو تین کے ہندسے تک لے جانے پر پٹرول پمپوں کی انتظامیہ کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ انہوں نے اس سے قبل پمپوں پرپٹرول کی قیمت دو کے ہندسے پر سیٹ کررکھی تھی۔ دوسری جانب سی این جی کی قیمت میں نو سے 12 روپے اضافہ کیا گیا۔ سندھ اوروسطی پنجاب میں سی این جی کی قیمت میں نو روپے 93 پیسے اضافہ کیا گیا جس کے بعد اس کی نئی قیمت 80 روپے 97 پیسے فی کلو ہوگئی ہے۔ اسلام آباد ،راولپنڈی ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں سی این جی کی قیمت میں 11 روپے 98 پیسے اضافہ کیا گیا جس کے بعداس کی نئی قیمت 89روپے 10 پیسے ہوگئی۔

مزید خبریں :