02 فروری ، 2014
ہیوسٹن …راجہ زاہد اختر خانزادہ/ نمائندہ خصوصی…امریکی کانگریس میں پاکستانی کاکس کی چیئرمین کانگریس ویمن شیلا جیکسن لی نے کراچی پریس کلب کے وفد میں شامل سینئر صحافیوں جن میں جیو ٹی وی کے سینئر پروڈیوسر اور پریس کلب کے خازن سید اظہر حسین‘ روزنامہ جنگ کراچی کے چیف رپورٹر منہاج الرب اور کراچی پریس کلب کے سابق سیکرٹری علاؤ الدین خانزادہ سمیت ریاست ٹیکساس کے سینئر صحافی اور وفد کے کوآرڈینیٹر راجہ زاہد اختر خانزادہ کو علیحدہ علیحدہ کانگریشنل ڈسٹرکٹ کی جانب سے ان کی صحافتی خدمات کے اعتراف اور پاک امریکہ تعلقات کے حوالے سے تعریفی اسناد پیش کیں، جبکہ ہیوسٹن کی میئر انیس پارکر کی جانب سے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروٹوکول ڈنے لافرول نے صحافیوں کو ہیوسٹن آمد پران کا خیرمقدم کیا اور اسناد دیں ،کراچی پریس کلب کے وفد میں شامل صحافیوں کو ہیوسٹن سٹی سے متعلق معلومات پر مبنی کتابچہ اور تفصیلات بھی ان کے حوالے کیں،اس موقع پر سٹی ہیوسٹن کی لوگو پن بھی ان کو پیش کی گئیں ۔ کانگریس مین ایل گرین کی جانب سے ان کے نمائندے سیم مرچنٹ نے بھی کراچی پریس کلب کے وفد کو کانگریس مین کی جانب سے تعریف اسناد اور خوش آمدیدی سرٹیفکیٹ دیا جو کہ تمام صحافیوں کی جانب سے پریس کلب کراچی کے سابق سیکرٹری علاؤ الدین خانزادہ نے وصول کیا۔ یہ پہلا موقع تھا کہ کراچی کے صحافیوں کا مقامی میئر اور کانگریس کے اراکین کی جانب سے اس طرح پرتپاک خیرمقدم کیا گیا اور علیحدہ علیحدہ آئے ہوئے تمام صحافیوں کو تحریری اور آفیشل طور پر ان کی خدمات کا اعتراف کیا گیا۔ تقریب کو آرگنائز کرنے کا تمام تر سہرا ہیوسٹن کراچی سسٹر سٹی کے صدر سعید شیخ کو جاتا ہے جنہوں نے اس ضمن میں تمام مقامی رہنماؤں کو معلومات بہم پہنچاتے ہوئے اس طرح کے سرٹیفکیٹ اور تہنیتی اسناد کو ان رہنماؤں کی جانب سے جاری کرانے میں اہم کردار ادا کیا۔ آنے والے کراچی کے صحافی بھی اس طرح کی اسناد دیکھ کر مقامی انتظامیہ اور منتخب نمائندوں کی جانب سے بھرپور پذیرائی ملنے پر مسرت دکھائی دئیے۔