03 فروری ، 2014
اسلام آباد…سابق وزیر داخلہ رحمان ملک نے کالعدم تحریک طالبان سے مذاکرات کو غیر آئینی قرار دیا ہے، تاہم حکومت کو مذاکرات کے ذریعے امن کی کوششوں پر مبارک باد بھی دی ہے ۔انہوں نے اپنے دور میں عمران فاروق قتل کیس میں کراچی سے دو افراد کی گرفتاری کی بھی تردید کی۔ پارلیمنٹ ہاوٴس کے باہر میڈیا سے بات چیت میں رحمان ملک کا کہنا تھا کہ تحریک طالبان کالعدم تنظیم ہے، اس کے ساتھ مذاکرات نہیں ہونے چاہئیں، مذاکرات اور مذاق میں فرق ہونا چاہئے، طالبان سے بھی اپیل ہے کہ وہ فضل اللہ کو افغانستان سے نکال کرلائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سابق دور میں کراچی سے عمران فاروق قتل کیس میں دو افراد کی گرفتاری کی عدالتی تحقیقات ہونی چاہئے، الطاف حسین کا میڈیا ٹرائل نہیں ہونا چاہئے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ اگر ان پر انسداد دہشت گردی فورس کے فنڈز کا غلط استعمال ثابت ہوجائے تو وہ اپنا گلا کٹوا دیں گے۔