Geo News
Geo News

پاکستان
05 فروری ، 2014

پشاور دھماکے میں جاں بحق 8افراد کی پارہ چنار میں تدفین

پشاور دھماکے میں جاں بحق 8افراد کی پارہ چنار میں تدفین

پشاور…پولیس نے کوچہ رسالدار کے ہوٹل میں خودکش حملہ کرنے والے شخص کی تصویر جاری کردی ہے جبکہ واقعہ کی ابتدائی رپورٹ میں انکشاف کیاگیا ہے کہ حملہ آور قصہ خوانی کے راستے کوچہ رسالدار میں داخل ہوا۔دوسری جانب مرنے والوں کی تدفین پارہ چنار میں کردی گئی ہے۔ کوچہ رسالدار خود کش حملے کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق خودکش حملہ آور قصہ خوانی کے راستے کوچہ رسالدار میں داخل ہوا اور ہوٹل پہنچتے ہی خود کو اڑا یا۔ حملے میں چھ کلو گرام بارودی مواد استعمال کیا گیا۔ پولیس کو دھماکے کی جگہ سے حملہ آور کا سر اور ٹانگیں بھی ملیں ہیں۔ خودکش حملہ آور کی ہلکی داڑھی اور مونچھیں ہیں۔ جبکہ حملہ آور کم وبیش 18 سال اور شکل سے قبائلی لگتا ہے۔ خودکش حملہ آور کے جسمانی اعضاء ڈی این اے ٹیسٹ کے لئے بھیجوا دیئے گئے ہیں۔پولیس کے مطابق ہوٹل انتظامیہ کو خطرے سے متعلق تحریری طور پرآگاہ کردیا گیا تھا جبکہ پولیس نے ہوٹل کی سیکیورٹی کو ناکافی قرار دیتے ہوئے سی سی ٹی وی کیمروں اور سرچ لائٹس کی تنصیب کی ہدایت کی تھی ۔خود کش حملے کی تحقیقات کے لئے ایس ایس پی انویسٹی گیشن کی سربراہی میں تین رکنی کمیٹی بھی قائم کردی گئی ہے۔دوسری جانب لیڈی ریڈنگ اسپتال میں دھماکے کے 33زخمی زیر علاج ہیں۔دھماکے میں جاں بحق 8 افراد کی تدفین پارہ چنار میں کردی گئی ہے جبکہ افغانستان میں مقیم پارہ چنار کے شدت پسند مست گل نے واقعہ کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

مزید خبریں :