05 فروری ، 2014
اسلام آباد…امیر جماعت اسلامی سید منور حسن کا کہنا ہے کہ طالبان کے ساتھ مذاکرات کا فیصلہ سیکولر قوتوں کی شکست ہے، کشمیری عوام بھی جدوجہد جاری رکھیں، آزادی کی منزل اب قریب آچکی ہے۔ اسلام آباد میں ڈی چوک میں یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر منعقدہ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی منور حسن نے کہا کہ کشمیریوں کے ساتھ برسوں سے جاری ناانصافی اور ظلم و جبرکا جلد ہی خاتمہ ہو جائے گا، کشمیری عوام حق خودارادیت کے لیے اپنی جنگ جاری رکھیں، منزل قریب آ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کا اٹوٹ انگ ہے، آج ہر پاکستانی کشمیریوں کی جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑا ہے، بھارتی فوج اور حکومت جان لیں کہ ظلم کے دن گنے جا چکے ہیں، کشمیریوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ طالبان کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے منور حسن نے کہا کہ سیکولر قوتیں عوام اور فوج کو لڑانا چاہتی تھیں، نواز شریف نے طالبان کے ساتھ مذاکرات کا اعلان کرکے سازش کو ناکام کیا ہے، قیام امن کے لیے مذاکرات کا راستہ دراصل عوام کی کامیابی ہے۔ اس موقع پر ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں کی زنجیر بنا کر کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔