Geo News
Geo News

پاکستان
07 فروری ، 2014

غداری کیس: پرویز مشرف کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر

غداری کیس: پرویز مشرف کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر

اسلام آباد…غداری کیس میں سابق صدر پرویز مشرف کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کردی گئی، سابق صدر طلبی کے باوجود اب تک عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔ سابق صدر کے وکیل انور منصور ایڈووکیٹ نے سماعت کے دوران موقف اختیار کیا کہ پہلے خصوصی عدالت کی تشکیل، ججز، پراسیکیوٹر تقرری کیخلاف درخواست پر فیصلہ کریں، پورے ہفتے کے دوران کسی بھی سماعت کے موقع پر ان درخواستوں کو نہیں سنا گیا، ہماری درخواست پرفیصلہ کیے بغیرکارروائی کو آگے بڑھایا گیا تو یہ ناانصافی ہوگی۔ جسٹس فیصل عرب نے کہا کہ مسلسل 3سماعتوں پر آپ کی وجہ سے کارروائی ملتوی کی گئی، یہ ہمارا ذاتی معاملہ نہیں، عدالت کے سامنے جو کیس آتا ہے اسے سننا ہماری ذمے داری ہے۔جسٹس فیصل عرب کی سربراہی میں خصوصی عدالت کا تین رکنی بینچ کیس کی سماعت کررہا ہے۔سابق صدرپرویزمشرف کی غداری کیس میں ممکنہ پیشی کے موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں اور فوجی اسپتال سے عدالت تک 11 سو سیکورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔پرویز مشرف کے وکیل احمد رضا قصوری کا کہنا ہے کہ پرویز مشرف ڈاکٹروں کی مشاورت سے ہی کوئی حتمی فیصلہ کریں گے، وہ خصوصی عدالت میں پیش ہو ں گے یا نہیں، اس حوالے سے قوم کو سرپرائز دیں گے۔ اس سے قبل خصوصی عدالت نے پرویز مشرف کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے تھے تاہم سابق صدر نے خصوصی عدالت کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کر دی تھی جبکہ قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ پرویز مشرف اگر عدالت میں پیش نہ ہوئے تو ان کے نا قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے جا سکتے ہیں۔

مزید خبریں :