Geo News
Geo News

پاکستان
10 فروری ، 2014

آئین اور ریاست کو تسلیم کرنے والوں سے مذاکرات کیے جائیں:پیپلز پارٹی، اے این پی

آئین اور ریاست کو تسلیم کرنے والوں سے مذاکرات کیے جائیں:پیپلز پارٹی، اے این پی

اسلام آباد… پیپلز پارٹی اور اے این پی نے حکومت پر زور دیا ہے کہ صرف آئین اور ریاست کو تسلیم کرنے والوں سے مذاکرات کیے جائیں۔ جے یو آئی ف کے سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری کا کہنا ہے کہ طالبان کے طریقہ کار سے عام علما بھی اتفاق نہیں کرتے۔ نیئر حسین بخاری کی زیر صدارت سینیٹ کے اجلاس میں سینیٹر رضا ربانی نے نکتہ اعتراض پر کہا کہ طالبان سے مذاکرات پر سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لیا جائے اور پارلیمانی کمیٹی بنا کر اسے روزانہ بریف کیا جائے۔ قائد ایوان راجہ ظفر الحق نے کہا کہ مذاکرات کا کوئی نتیجہ سامنے آئے گا تو سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لیا جائے گا، وزیر اعظم واضح کر چکے ہیں کہ مذاکرات آئین کے تحت ہی ہوں گے۔ جے یو آئی ف کے سینیٹر مولانا عبد الغفور حیدری نے کہا کہ طالبان کے طریقہ کار سے عام علما بھی اتفاق نہیں کرتے، شریعت آئین میں ہے لیکن سوال یہ ہے کہ کیا 40سال سے اسلامی شقوں پر عمل کیا گیا؟ پیپلز پارٹی کے سینیٹر سعید غنی نے کہا کہ مذاکرات کی ناکامی کے امکانات زیادہ نظر آ رہے ہیں۔ اے این پی کے سینیٹر حاجی عدیل نے کہا کہ اگر آئین کو تسلیم نہ کرنے والوں سے مذکرات کیے گئے تو مخالفت کی جائے گی۔ سینیٹر رحمان ملک نے کہا کہ فضل اللہ افغانستان کی گود میں بیٹھا ہے حکومت نے اس کی حوالگی کیلئے کیا قدامات کیے ہیں؟ ڈی جی آئی ایس آئی سمیت عسکری قیادت کو ایوان میں بلایا جائے۔ سینیٹ میں حاجی عدیل نے پانچ علاقائی زبانوں کو قومی زبان کا درجہ دینے کا آئینی ترمیمی بل بھی پیش کیا جسے قائمہ کمیٹی کے سپرد کر دیا گیا ہے۔ ایوان بالا کا اجلاس اب منگل کی صبح ساڑھے دس بجے ہو گا۔

مزید خبریں :