Geo News
Geo News

پاکستان
13 فروری ، 2014

حکومتی مذاکراتی کمیٹی کا طالبان کمیٹی کو خط

حکومتی مذاکراتی کمیٹی کا طالبان کمیٹی کو خط

اسلام آباد…حکومتی کمیٹی نے طالبان کمیٹی کو ایک خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ دہشت گرد کارروائیوں سے مذاکرات کا ماحول بری طرح متاثر ہورہاہے اور یہ کہ طالبان ماحول خراب کرنے والے بیانات سے گریز کریں۔ طالبان کے مطالبات ، طالبان کمیٹی کے ذریعے حکومتی کمیٹی تک پہنچ چکے ، جس کے بعد حکومتی کمیٹی وزیراعظم سے ایک ملاقات بھی کرچکی ۔یوں اب انتظار تھاکہ حکومتی کمیٹی طالبان کمیٹی کو حکومت کے جواب سے آگاہ کرے گی ، حکومتی کمیٹی نے آج طالبان کمیٹی کو ایک خط تو لکھا ہے ، لیکن اس میں طالبان کے مطالبات سے متعلق کوئی جواب سامنے نہیں آیا ،البتہ طالبان کمیٹی کو تحریری طور پر ریکارڈ میں یہ بات باور کروادی گئی ہے کہ دہشت گردی کی کارروائیاں فوری طور پر بند ہونی چاہئیں ، دہشت گرد کارروائیوں سے مذاکرات کے ماحول پربری طرح اثر پڑرہا ہے۔حکومتی کمیٹی کے خط میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ تحریک طالبان پاکستان کو ایسے بیانات سے گریز کرنا چاہیے جس سے ماحول خراب ہو۔دوسری طرف طالبان کمیٹی کے رکن پروفیسر ابراہیم نے کہا ہے کہ انہوں نے طالبان کا موقف حکومتی کمیٹی تک پہنچادیا ہے اور اب حکومت کے جواب کا انتظار ہے لیکن آج اور کل دونوں کمیٹیوں کے درمیان کوئی ملاقات متوقع نہیں۔

مزید خبریں :