Geo News
Geo News

پاکستان
16 فروری ، 2014

کراچی میں امن کیلئے ن لیگ کے تحت آل پارٹیز کانفرنس

کراچی میں امن کیلئے ن لیگ کے تحت آل پارٹیز کانفرنس

کراچی…کراچی میں امن و امان کی صورتحال پر ن لیگ کے زیر اہتمام آل پارٹیز کانفرنس ہوئی۔ کانفرنس میں منظور ہونے والی 6نکاتی قرار داد میں کئی مطالبات کئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں قیام امن پرآل پارٹیز کانفرنس میں مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماوٴں نے شرکت کی۔ ایم کیو ایم کے رہنما خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ پولیس اور رینجرز کو ایم کیو ایم کے پیچھے لگا دیا گیا۔ پیپلزپارٹی کے رہنما تاج حیدر نے بتایا کہ آئی جی سندھ کے مطابق پولیس میں 20فیصد دہشت گرد موجود ہیں۔ تحریک انصاف کے رہنما عارف علوی کا کہنا تھا کہ کوتاہیوں کا ازالہ ہونا چاہیے لیکن ہڑتالوں سے معیشت کمزور پڑتی ہے۔ جماعت اسلامی کے رہنما یونس بارائی، جے یو آئی ف کے قاری محمد عثمان اور سنی تحریک کے شاہد غوری نے ٹارگٹڈ آپریشن درست سمت میں اور غیر جانبدارانہ ہونے پر زور دیا۔ اے پی سی کے اختتام پر مسلم لیگ ن کے رہنما نہال ہاشمی نے چھ نکاتی متفقہ قرارداد سے میڈیا کو آگاہ کیا۔ جس میں کراچی میں قیام امن کے لیے ٹارگٹڈ آپریشن جاری رکھنے، مانیٹرنگ کمیٹی بنانے، ملزمان کی 24گھنٹوں میں عدالتوں میں پیشی، لاپتا افرادکی بازیابی، ماورائے عدالت قتل کی روک تھام اور بلدیاتی الیکشن کے انعقاد سمیت میٹرو بس چلانے اور ماس ٹرانزٹ پروجیکٹ کا مطالبہ کیا گیا۔

مزید خبریں :