17 فروری ، 2014
اسلام آباد…طالبان کی سیاسی شوریٰ نے جنگ بندی کا فیصلہ کرلیا ہے،لیکن اعلان سامنے نہیں آیا، پہلے حکومت سے دو مطالبات پر یقین دہانی مانگ لی، دوسری جانب طالبان مذاکراتی کمیٹی کے سربراہ مولانا سمیع الحق کہتے ہیں کہ طالبان سے مذاکرات کے بارے میں بہت جلد اچھی خبر ملے گی۔ جیو نیوز کے سینئر اینکر پرسن حامد میر کے مطابق حکومت اور حکومتی کمیٹی کی طرف سے دہشت گرد کارروائیوں پر تحفظات ظاہر کیے جانے کے بعد طالبان کی سیاسی شوریٰ نے اپنا اجلاس بلایا، جس میں حکومت کی طرف سے جنگ بندی کی بات پرغور کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق طالبان نے جنگ بندی کافیصلہ کرتے ہوئے اپنے بھی کچھ مطالبات حکومت کے سامنے رکھ دیئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق طالبان کا مطالبہ ہے کہ جنوبی وزیرستان سے فوج کو نکالا جائے، گرفتار کیے گئے غیر عسکری افراد کو رہا کیا جائے جن میں عورتیں،بچے اور بوڑھے افراد شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق طالبان کی طرف سے جنگ بندی کااعلان اگلے چوبیس گھنٹوں میں متوقع ہے۔ دوسری جانب طالبان کی مذاکراتی کمیٹی کے سربراہ مولانا سمیع الحق کہتے ہیں کہ طالبان سے مذاکرات کے بارے میں بہت جلد اچھی خبر ملے گی، طالبان سے جنگ بندی میں پہل کا حکومتی مطالبہ اس وقت سامنے آیاجب طالبان ترجمان نے گزشتہ دنوں کراچی میں پولیس بس پر ہونے والے حملے کی ذمہ داری قبول کی، جس کے بعد حکومتی کمیٹی نے طالبان کمیٹی پر واضح کردیا کہ مذاکرات کے ساتھ دہشت گردی نہیں چل سکتی۔