پاکستان
02 اپریل ، 2012

پشاور: پبلک ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کی ہڑتال اور گھیراوٴ کی دھمکی

پشاور … پشاور پبلک ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن نے حکومت کو خبردار کیا کہ اگر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ واپس نہ لیا گیا تو پہیہ جام ہڑتال و گورنر اور وزیر اعلیٰ ہاوٴسز کا گھیراوٴ کیا جائے گا۔ پیٹرولیم مصنوعات اور سی این جی کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف پشاور پبلک ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر حکومت مخالف نعرے درج تھے۔ مظاہرین نے جی ٹی روڈ کو بند کرتے ہوئے اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا۔ مظاہرین کے مطابق حکومت نے حالیہ اضافے پر ٹرانسپورٹرز کو اعتماد میں نہیں لیا۔ انہوں نے حکومت کو خبردار کیا کہ اگر پیٹرولیم مصنوعات اور سی این جی کی قیمتوں میں اضافے کو 4 اپریل سے پہلے واپس نہ لیا گیا تو وہ پہیہ جام ہڑتال کرتے ہوئے گورنر ہاوٴس اور وزیر اعلیٰ ہاوٴس کا گھیراوٴ کریں گے۔ ٹرانسپورٹرز کا کہنا تھا کہ گزشتہ 5 ماہ سے حکومت کی جانب سے نئے کرائے نامے جاری نہیں کئے گئے جبکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کیا جارہا ہے۔

مزید خبریں :