03 اپریل ، 2012
پشاور… پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس نے اسٹیل ملز کے سابق ڈائریکٹرکے مقدمہ میں ریمارکس دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسٹیل ملز کے اثار بتارہے ہیں کہ کافی سارے لوگ اسے کھا رہے ہیں۔احتساب عدالت سے سزا یافتہ سابق ڈائریکٹر اسٹیل ملز میاں حسام الدین کی اپیل کی سماعت پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس دوست محمد خان اور جسٹس مفتاح الدین پر مشتمل بنچ نے کی۔ سابق ڈائریکٹر پر 19 کروڑ روپے کے غیر قانونی اثاثے بنانے کا الزام تھا۔ 2005 میں احتساب عدالت کی طرف سے پانچ سال قید اور پانچ کروڑ 53 لاکھ روپے جرمانے کی سز ا ہوئی تھی۔ سزا کے خلاف اپیل کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ اسٹیل ملز کے آثار بتارہے ہیں کہ کافی سارے لوگ اسٹیل ملز کو کھا رہے ہیں اور کھانے والوں کے اتنے سخت دانت ہیں کہ اسٹینلس اسٹیل سے بنے ملز کو بھی کھاگئے۔ چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ کھانے والوں میں بڑوں کیساتھ چھوٹے بھی حصہ دار ہیں۔