03 مارچ ، 2014
اسلام آباد… ایف ایٹ کچہری حملے میں جاں بحق ہونے والوں کے لیے سینیٹ میں فاتحہ خوانی کی گئی۔فاتحہ خوانی کے بعد قائد ایوان راجا ظفرالحق نے کہا کہ وزیرداخلہ ایوان میں آکر ایف ایٹ کچہری کے واقعے پر بریف کریں گے۔ سینیٹر فرحت اللہ بابر نے کہا کہ شدت پسندوں کے حامی کہتے ہیں کہ یہ حملہ کسی تیسری قوت نے کیا، وزیرداخلہ نے کہا تھا اسلام آباد محفوظ ہے، ان کے دعوے کی قلعی کھل گئی، حکومت نے سیز فائر کا اعلان کیا ہے، کیا طالبان اس پر عمل کریں گے؟ بابراعوان نے سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی دارالحکومت میں وکلا اور ججز کو ٹارگٹ کیا گیا، دہشت گرد 40منٹ تک کارروائی کرتے رہے، پولیس نے مداخلت نہیں کی۔ سینیٹر سعید غنی کا کہنا تھا کہ طالبان سے غیر مشروط مذاکرات کیے جائیں۔سینیٹر افراسیاب خٹک نے کہا کہ عوام پوچھتے ہیں کہ ریاست کہاں ہیں۔سینیٹر حاجی عدیل کا کہنا تھا کہ واقعے کے وقت ایف ایٹ کچہری میں پولیس موجود نہ تھی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ چوہدری نثار نے اے این پی کے رہنماوٴں سے سیکیورٹی واپس لے لی ہے۔