04 مارچ ، 2014
لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے ایشیا کپ کے میچ میں بنگلہ دیش کے خلاف پاکستانی کرکٹ ٹیم کی شاندار کامیابی اورفائنل میں پہنچنے پر پوری قومی کرکٹ ٹیم اور پاکستانی قوم کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے ۔ اپنے ایک بیان میں انھوں نے کہاکہ پاکستانیکھلاڑیوں نے ٹیم ورک کامظاہرہ کرکے جس طرح بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے پہاڑ جیسے ہدف کا تعاقب ، بنگلہ دیش ٹیم کے ہوم گراوٴنڈ پر کامیابی سے کیا ایسی مثالیں کرکٹ کی تاریخ میں شاذ ونادر ہی پائی جاتی ہیں۔ اس شاندار کارکردگی پر قومی کرکٹ ٹیم کا ایک ایک کھلاڑی اورٹیم مینجمنٹ بھرپور مبارکباد کے مستحق ہیں، پاکستان کرکٹ ٹیم نے جو تاریخی کامیابی حاصل کی ہے اس میں جمہوریت ، فرقہ وارانہ ہم آہنگی اورمعتدل مزاجی پر یقین رکھنے والے تمام پاکستانی خواہ وہ ہاری ، کسان، مزدورہوں یا اعلیٰ عہدوں پر فائز سول وفوجی افسران ۔ ان کیلئے یہ درس بھی پوشیدہ ہے کہ اگر وہ سب متحد ہوجائیں تو تمام ترناموافق حالات کے باوجود انتہاء پسندی اور دہشت گردی کے اس عفریت کوبھی اسی طرح شکست دے سکتے ہیں جس طرح پاکستان کرکٹ ٹیم نے بنگلہ دیش کو شکست دی ہے ۔ دریں اثناء الطاف حسین نے ایم کیوایم کے سینئر کارکن اور نائن زیر و کے شعبہ فیکٹس فائنڈنگ کمیٹی کے انچار ج مشتاق احمد کے بہیمانہ قتل کی شدید الفا ظ میں مذمت کی ہے ۔ رابطہ کمیٹی سے گفتگوکرتے ہوئے الطاف حسین نے کہا کہ مشتاق احمد شہید کاشمار ایم کیوایم کے سینئرکارکنوں میں ہوتا تھا وہ فیڈرل بی ایریا کے سیکٹر انچار ج بھی تھے ۔ ریاستی آپر یشن کے دوران امریکہ میں قیام کے دوران وہاں بھی تحریک کا کام کر تے رہے اور آج کل نائن زیر و کے شعبہ فیکٹس فائنڈنگ کمیٹی کے انچارج کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے۔ الطاف حسین نے کہا کہ مشتاق شاہ کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ سمن آباد فیڈرل بی ایریا میں اپنے گھر سے نائن زیرو جانے کیلئے نکلے اور راستے میں واقع ایک پان کی دکان پر رکے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند روز میں ایم کیوایم کے متعدد کارکنوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا جاچکا ہے او ر ایسا واضح طو ر پر محسوس ہوتا ہے کہ تربیت یافتہ قاتلوں کے ایک بااثر گر وہ کو ایم کیوایم کے سینئر ترین کارکنوں کی چن چن کر ٹھکانے لگانے کا ٹاسک دیا گیا ہے لیکن حیر ت اور دکھ کی بات یہ ہے کہ یہ قاتل اپنی کارروائیاں کر کے باآسانی فرار ہوجاتے ہیں ۔ الطاف حسین نے حکومت ،پولیس ،رینجرز اور قانون نافذ کرنے واے دیگر اداروں سے کہا کہ اپنے کارکنوں کے تسلسل کے ساتھ کئے جانے والے قتل کے باوجود ہم مسلسل صبر کر رہے ہیں اور کارکنوں کو بھی صبر کی تلقین کر رہے ہیں لیکن صبر کی بھی حد ہوتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگر حکومت وانتظامیہ اور پولیس قانون نافذ کرنے والے اداروں نے قاتلوں کو گرفتار نہیں کیا اور وہ مقتولین کا ساتھ دینے کے بجائے قاتلوں کے سرپرست بنے رہے تو پھر خاکم بدہن اللہ کا عذاب نازل ہوگا جس کا تصور بھی نہیں کیا جاسکے گا ۔ الطاف حسین نے دعاکی کہ اللہ تعالیٰ حکمرانوں کو عقل دے ۔ الطاف حسین نے مشتاق احمد شہید کے تمام لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کر تے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مشتاق شاہ شہید کی مغفرت فرمائے ،انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطافرمائے اورلواحقین کو صبر جمیل عطا کرے ۔(آمین)۔