10 مارچ ، 2014
لاہور…پاکستان کی مارکیٹنگ کمپنیوں کا کہنا ہے کہ حکومت ان کے شعبے کو مراعات دے تو کئی ملکوں کی انڈسٹری کو پیچھے چھوڑ سکتے ہیں۔لاہور میں جنگ،جیو کے زیر اہتمام انٹرنیشنل مارکیٹنگ کانگریس میں پاکستانی ٹائیکونز کے ساتھ بھارت، ملائیشیا اورسنگاپور کی مارکیٹنگ کمپنیز کے سربراہوں نے شرکت کی۔شرکاء نے پاکستان میں مارکیٹنگ کمپنیوں کے معیار اور مقابلے کی فضا کو سراہا۔انہوں نے کانفرنس کو انتہائی اہمیت کی حامل قرار دیا۔ جنگ گروپ مارکیٹنگ کے سربراہ سرمد علی نے بتایا کہ جنگ گروپ نے یہ سلسلہ 1993ء سے جاری رکھا ہوا ہے۔کانگریس کے شرکاء کا کہنا تھا کہ اس طرح کی کانفرنسوں سے کمپنیوں کے ساتھ نوجوانوں کو جدید علم اور عالمی تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے کے مواقع میسر آتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان دہشت گردی اورجمہوری نظام کے عدم تسلسل کے باوجود مارکیٹنگ میں بھرپور مقابلہ کر رہا ہے۔،کانگریس میں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور اور وفاقی وزیر برائے پلاننگ احسن اقبال نے یقین دہانی کرائی کہ مارکیٹنگ سیکٹر کے فروغ کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔