12 مارچ ، 2014
لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائدالطاف حسین نے مسلح دہشت گردوں کی فائرنگ سے نارتھ ناظم آبادسیکٹر کے کارکن عطرت حسین رضوی کے بہیمانہ قتل کی شدیدمذمت کی ہے اورحکومت سے مطالبہ کیاہے کہ عطرت شہید کے قاتلوں کوگرفتارکیاجائے ۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے شہید کے لواحقین سے دلی تعزیت اورہمدردی کااظہارکرتے ہوئے کہاکہ مجھ سمیت تمام کارکنان آپ کے غم میں برابرکے شریک ہیں۔ انہوں نے دعاکی کہ اللہ تعالیٰ عطرت حسین رضوی شہید کی مغفرت فرمائے، انہیں جنت الفردوس میں جگہ دے اورلواحقین کوصبرجمیل عطاکرے۔دریں اثناء متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے نارتھ کراچی میں مسلح دہشت گردوں کی فائرنگ سے عطرت حسین رضوی کے بہیمانہ قتل کی شدیدمذمت کی ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے کہاعطرت حسین رضوی پیرکی شب نارتھ کراچی کے علاقے میں واقع اپنی سی ڈی کی دکان پربیٹھے تھے کہ مسلح دہشت گردوں نے دکان پر آکران پر انتہائی قریب سے فائرنگ کی ، جس کے باعث وہ شہیدہوگئے ۔ مسلح دہشت گردواقعہ کے بعدباآسانی فرارہوگئے۔عطرت حسین رضوی نارتھ ناظم آبادسیکٹریونٹ 173کے کارکن تھے۔ رابطہ کمیٹی نے واقعہ کی شدیدمذمت کرتے ہوئے کہاکہ شہرمیں گزشتہ دوہفتوں کے دوران مختلف واقعات میں ایم کیوایم کے 15کارکنان شہیدہوچکے ہیں لیکن اب تک کسی ایک کارکن کے قاتل کوبھی گرفتارنہیں کیاگیاہے،ایک منظم منصوبہ بندی کے تحت شہرمیں شیعہ سنی فساد کرانے کی سازش کی جارہی ہے اورلوگوں کوچن چن کرنشانہ بنایاجارہاہے۔رابطہ کمیٹی نے کہاکہ آج سائٹ کے علاقے میں صنعتکارعبداللہ رئیس کوبھی مسلح دہشت گردوں نے اس وقت فائرنگ کرکے شہید کردیاجب وہ اپنی فیکٹری سے گھرلوٹ رہے تھے، ایسالگتاہے کہ مسلح دہشت گردوں کوشہرمیں قتل وغارتگری کی کھلی چھوٹ دیدی گئی ہے ، روزانہ قتل اوردہشت گردی کے واقعات کے باوجود حکومت کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی ہے اوراس کی جانب سے بے حسی کا مظاہرہ کیاجارہاہے ۔رابطہ کمیٹی نے مطالبہ کیاکہ عطرت رضوی اور صنعتکارعبداللہ رئیس کے قاتلوں کوگرفتارکیاجائے، اور عوام کوجان ومال کاتحفظ فراہم کیاجائے ۔رابطہ کمیٹی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ آپس میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی برقراررکھیں ، اپنے جذبات قابومیں رکھیں اورفرقہ وارانہ فساد کی سازشوں کوناکام بنادیں۔