14 مارچ ، 2014
اسلام آباد…قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ مشرف کی ناقابل ضمانت پر عمل درآمد کے لیے تاریخ معین کرکے عدالت نے احتیاط کا مظاہرہ کیا ہے۔جسٹس ریٹائرڈ وجیہ الدین احمد نے یقین ظاہر کیا ہے کہ 31مارچ کو مشرف کی پیشی میں اسپتال یا کسی بھی ادارے کی جانب سے کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی جائے گی۔ مشرف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے جانے پر ماہرقانون سلمان اکرم راجا نے کہا کہ مشرف اور ان کے وکلاء عدالتی احکامات کو سنجیدہ نہیں لے رہے تھے جس کی وجہ سے انہیں گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیا گیا۔ دوسری جانب فروغ نسیم کی رائے ہے کہ یہ احکامات معمول کی بات ہے جو عدالت ملزمان کی پیشی یقینی بنانے کیلئے جاری کرتی رہتی ہے۔ جسٹس ریٹائرڈ طارق محمود نے واضح کیا کہ مشرف 31مارچ کی سماعت میں بھی پیش نہ ہوئے تو انہیں گرفتار کرکے پیش کیا جائے گا۔ عدالت کیلئے فرد جرم عائد کیے بغیر آگے بڑھنا ممکن نہیں۔