14 مارچ ، 2014
کراچی …متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کی ہدایت پر تھر پارکرکے قحط سالی سے متاثرہ علاقے میں قائم ایم کیوایم کے طبی کیمپ سے دور دراز کے علاقوں تک قحط سالی سے متاثرین کو طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے خدمت خلق فاؤنڈیشن کی جدید طبی سہولیات سے آراستہ 5ایمبولینسیں اور ڈاکٹرز و پیرا میڈیکل اسٹاف پر مشتمل عملہ روانہ کردیا گیا ہے ۔جمعہکو اراکین رابطہ کمیٹی احمد سلیم صدیقی ، کنور خالد یونس اور خالد سلطان نے خدمت خلق فاؤنڈیشن کے صدر دفتر کراچی سے ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی ٹیم کو کے کے ایف کی ایمبولینسوں سمیت اپنی نگرانی میں روانہ کیا ۔ اس موقع پر ایم کیوایم میڈیکل ایڈ کمیٹی کے انچارج ڈاکٹرفاروق جمیل بھی موجود تھے ۔ خدمت خلق فاؤنڈیشن کی میڈیکل ٹیم کے ہمراہ وبائی امراض سمیت دیگر بیماریوں سے بچاؤ کی بھاری مالیت کی ادویات بھی موجود ہیں ۔ اس موقع پر ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے اراکین نے میڈیکل ٹیم کے ارکان سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ تھر کے قحط سالی سے متاثرہ عوام کو طبی سہولیات اور غذائی اجناس کی فراہمی عبادت ہے اور اس نیک کام میں ڈاکٹروں سمیت جو افراد حصہ لے رہے ہیں وہ دکھی انسانیت کی خدمت کے جذبے سے سرشار ہیں ۔انھوں نے تھر کے قحط سالی سے متاثرہ عوام کو علاج و معالجہ کی فراہمی کیلئے اپنی خدمات پیش کرنے والے ایم کیوایم میڈیکل ایڈ کمیٹی کے ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کے ارکان کو الطاف حسین کی جانب سے زبردست خراج تحسین بھی پیش کیا ۔دریں اثناء رابطہ کمیٹی اور حق پرست ارکان قومی اسمبلی نے لاہور میں پنجاب اسمبلی کے باہر احتجاجی مظاہرہ کرنے والی نرسوں پر پولیس کے لاٹھی چارج کی شدیدالفاظ میں مذمت کی ہے اور کہاکہ ایک مہذب اور مقدس پیشہ سے وابستہ نرسوں کو حقوق کی آواز بلند کرنے پر ولیس کی جانب سے لاٹھی چارج اور بہیمانہ تشدد کانشانہ بناناخواتین کے بنیادی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے ۔ رابطہ کمیٹی اور حق پرست ارکان قومی اسمبلی نے گورنر پنجاب محمد سرور اور وزیراعلیٰ شہباز شریف سے مطالبہ کیا کہ نرسوں کو بہیمانہ تشدد کانشانہ بنانے کے واقعہ کا فوری نوٹس لیا جائے ، ملوث پولیس اہلکاروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے اورنرسوں کے جائز مطالبات تسلیم کیے جائیں۔علاوہ ازیں متحدہ قومی موومنٹ شعبہ خواتین کی انچارج و حق پرست رکن قومی اسمبلی کشور زہرا نے مظفرگڑھ میں ا آمنہ نامی لڑکی کو جتماع زیادتی کا نشانہ بنانے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور لڑکی جانب سے انصاف نہ ملنے پر تھانے کے باہر خود کو آگ لگا کر خود سوزی کرنے اور کئی گھنٹے زندگی و موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد انتقال کرجانے پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا ہے ۔ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ ایک لڑکی کا اجتماعی زیادتی کا نشانہ بننا تو ظلم تھا ہی مگر اس لڑکی کی جانب سے انصاف سے مایوس ہوکر خود کشی کرنا کھلا قتل ہے اور اس قتل کے ذمہ دار عناصر وہ ہیں جو معصوم لڑکی کو انصاف سے محروم اور درندہ صفت ملزمان کو تحفظ دے رہے ہیں ۔انھوں نے وزیراعظم نواز شریف، وزیراعلیٰ شہبا زشریف اوردیگر سے مطالبہ کیا کہ اس واقعہ کا سنجیدگی سے نوٹس لیاجائے ، اور مجرموں کو فی الفور گرفتارکرکے عبرتناک سزا دی جائے ۔