15 مارچ ، 2014
لاہور…لاہور میں احتجاج کرنے والی نرسوں پر تشدد کے خلاف پنجاب کے مختلف شہروں کے سرکاری اسپتالوں میں نرسیں ہڑتال پر ہیں،جس سے مریضوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔راولپنڈی کے الائیڈ اسپتال اور ہولی فیملی اسپتال کی ایمرجنسی میں نرسوں نے کام چھوڑ دیا ہے۔ ملتان میں پانچویں روز بھی نرسوں کا احتجاج اور ہڑتال جاری ہے۔ پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن اور پیرامیڈیکل اسٹاف نے نرسوں سے اظہار یکجہتی کا اعلان کیا ہے،نرسوں کی ہڑتال پر چلڈرن کمپلیکس میں مریضوں کے لواحقین نے بھی احتجاج کیا۔ فیصل آباد کے سول، الائیڈ اسپتال اور فیصل آباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں نرسوں نے او پی ڈیز میں ہڑتال کر رکھی ہے اورکچھ دیر کیلئے اسپتالوں کے باہر دھرنا بھی دیا، جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔ سرگودھا، ڈیرہ غازی خان، وہاڑی، بہاول پور، بہاول نگر اور بھکر میں بھی نرسوں نے احتجاج کیا اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔ رحیم یار خا ن کے شیخ زید اسپتال میں بھی نرسیں ہڑتال پر ہیں، نرسوں کی ہڑتال کے باعث مریضوں اور ان کے لواحقین کو سخت پریشانی کا سامنا ہے۔ پنجاب کی نرسوں سے اظہار یکجہتی کیلئے حیدرآباد اور نواب شاہ میں بھی نرسوں نے احتجاج کیا اور ریلی نکالی۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ نرسوں پر تشدد کرنے والے اہل کاروں کومعطل کیا جائے۔