16 مارچ ، 2014
کراچی …پیپلز پارٹی کے رہ نما مولابخش چانڈیو کا کہناہے کہ بلاول کو بچہ کہنے والے سن لیں وہ ذوالفقار علی بھٹو کا نواسہ ہے۔پیپلز پارٹی بڑے لوگوں کی نہیں غریبوں کی جماعت ہے۔انہوں نے یہ بات کراچی میں پیپلز پارٹی ضلع کورنگی کے پہلے ورکرز کنونشن سے خطاب میں کہی۔سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ ملک سے 15 دن میں لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا دعوی کرنے والے کہاں ہیں۔پیپلز پارٹی بڑے لوگوں کی نہیں غریبوں کی جماعت ہے، وہ نام لیں گے تو بہت سے لوگ ناراض ہو جائیں گے۔سینیٹر مولا بخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ خان صاحب بتائیں وہ طالبان سے کیوں دور بھاگ رہے ہیں ،خیبر پختونخواہ میں خان صاحب کی حکومت کی جو شان ہے وہ طالبان کا احسان ہے۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر عبدالقادر قادر پٹیل نے کہا کہ یہ کہاں کا انصاف ہے، ہم پر تنقید بھی کرتے ہیں اور ساتھ چلنے کی بات بھی کی جا رہی ہے ،تھر سے لیاری تک کے معاملات کو ہماری نظر سے سمجھیں اور تنقید بند کریں، طالبان اور حکومت کے مذاکرات سمجھ سے بالا تر ہیں ہم جمہوریت کو ایمان اور وہ کفر سمجھتے ہیں۔