20 مارچ ، 2014
اسلام آباد…وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ بھارت پاکستان کا پانی روک رہا ہے،حکومت اس مسئلے کو پڑوسی ملک کے ساتھ مذاکرات کے ذریعے حل کرنا چاہتی ہے۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے اسلام آباد میں پاکستان واٹر سمٹ 2014 میں شرکت کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بھارت پاکستان آنے والے دریاوٴں کا پانی روک رہا ہے ۔تقریباً 10ملین ایکڑ فٹ پانی جو پاکستان کو ملنا چاہئے ،نہیں ملتا، جس کی تحقیقات ہونی چاہئے اور پاکستان اپنا موٴثر کیس تیار کرے۔انہوں نے مزید کہا کہ پانی جیسی نعمت سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے حکومت قومی واٹر پالیسی تیار کرے گی۔ اس موقع پر وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور طارق فاطمی نے کہا کہ پاکستان سندھ طاس معاہدے کی روشنی میں بھارت کے ساتھ پانی کے متنازع امور کو حل کرنا چاہتا ہے۔ واٹر سمٹ سے خطاب میں دیگر مقررین نے ملک میں پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت بڑھانے کے علا وہ اس کا ضیاع کم کرنے پر زور دیا کیونکہ پانی کی فراہمی ہی قوم کی بقا کی ضمانت ہے۔