کاروبار
05 اپریل ، 2012

بجٹ میں ٹیکس شرح نہیں بڑھے گی، ایکسائز ڈیوٹی کم ہوسکتی ہے، حفیظ شیخ

بجٹ میں ٹیکس شرح نہیں بڑھے گی، ایکسائز ڈیوٹی کم ہوسکتی ہے، حفیظ شیخ

اسلام آباد … وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ آئندہ بجٹ میں ٹیکس کی شرح میں اضافہ نہیں ہوگا جبکہ فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی مزید کم ہوسکتی ہے، فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو ہدایت کی ہے کہ 10 ارب روپے کے ٹیکس ری فنڈ ہنگامی طور پر ادا کیے جائیں۔ اسلام آباد میں بجٹ کی تیاری کیلئے صنعتکاروں اور تاجروں سے مذاکرات کے بعد میڈیا سے بات چیت میں ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ آئندہ بجٹ میں ٹیکس دینے والوں پر بوجھ نہیں بڑھائیں گے۔ ان کا کہنا تھاکہ ٹیکس ری فنڈ 3 ہفتوں میں ادا کیے جائیں گے، ری فنڈ روک کر ٹیکس گراف بڑھانا نہیں چاہتے۔ انہوں نے کہا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو ہدایت کی ہے کہ 10 ارب روپے کا ٹیکس ری فنڈ ہنگامی طور پر ادا کیا جائے۔ وزیر خزانہ نے مزید کہاکہ صنعتکاروں اور تاجروں کو یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ صنعت اور تجارت پر ٹیکس کی شرح میں اضافہ نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ کی تیاری میں تاجروں اور صنعتکاروں کی کئی تجاویز حیران کن تھیں اور ان سے فائدہ اٹھایا جائے گا۔

مزید خبریں :