کھیل
30 مارچ ، 2014

پاکستانی شاہین بنگال ٹائیگرز کے شکار کیلئے بے چین

 پاکستانی شاہین بنگال ٹائیگرز کے شکار کیلئے بے چین

میرپور، ڈھاکا……ورلڈ ٹی 20 کے اہم میچ میں پاکستانی شاہین بنگال ٹائیگرز کا شکار کرنے کے لئے بے چین ہیں۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ڈھائی بجے شروع ہوگا۔ پاکستان کی ٹیم صرف اور صرف جیت کے لئے میدان میں اترے گی جبکہ بنگلہ دیشی کرکٹر بقاء کی جنگ لڑیں گے۔اس کے کھلاڑی پاکستان کے خلاف اپ سیٹ شکست اور کسی معجزے کے منتظر ہیں۔پاکستان ٹیم کے ہیڈ کوچ معین خان کہتے ہیں کھلاڑیوں کو جان مارنی ہوگی کیوں کے ریلیکس ہوئے تو ایونٹ سے باہر ہو سکتے ہیں۔ سابق کپتان اور سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم کہتے ہیں گرین شرٹس نے ایونٹ میں جس طرح کم بیک کیا وہ خوش آئند ہے لیکن کھلاڑی کسی حریف کو ہر گز کمزور نہ سمجھیں۔ راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر کی رائے ہے کہ موجودہ ٹورنامنٹ میں پاکستان ٹیم اپنی غلطیوں سے ہارے گی، اْس کو شکست دینے والی کوئی دوسری ٹیم موجود نہیں، کھلاڑی دلیری سے کھیلیں۔ آج کے میچ میں پاکستان ٹیم جیت کے لئے فیورٹ ہے لیکن بنگلہ دیش کی ٹیم ٹیسٹ پلے انگ ٹیم ہونے کے باوجود ٹیسٹ کھیلنے والی ٹیموں کے خلاف کامیابی سے محروم ہے۔خراب کارکردگی پر ہونے والی تنقیدکے باعث اسے پاکستان کے خلاف بہتر شو کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔گروپ ٹو میں سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے لئے پاکستان کو اگلے دونوں میچوں میں کامیابی حاصل کرنا ہے اور اس کے پاس غلطی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔پاکستان نے دو میں سے ایک میچ میں آسٹریلیا کو 16رنز سے شکست دی تھی،جبکہ بنگلہ دیش دونوں میچوں میں ویسٹ انڈیز اور بھارت سے بڑے مارجن سے ہار چکی ہے۔مشفق الرحیم کہتے ہیں کہ بھارت کے خلاف میچ میں ہماری بیٹنگ نے امپرومنٹ دکھائی لیکن ابھی بھی کئی شعبوں میں بہتری کی ضرورت ہے۔پاکستان کے لئے اچھی خبر یہ ہے کہ اس کے ٹورنامنٹ میں سب سے کامیاب بیٹسمین اور آسٹریلیا کے خلاف94رنز کی اننگز کھیلنے والے بیٹسمین عمر اکمل ہیمسٹرنگ انجری سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔اگر پاکستانی ٹیم بنگلہ دیش کو ہرادیتی ہے تو منگل کو پاکستان اور ویسٹ انڈیز کا میچ ٹورنامنٹ کا کوارٹر فائنل ہوگا اور فاتح ٹیم سیمی فائنل میں جگہ حاصل کر لے گی۔پاکستان ویسٹ انڈیز کا میچ آئی سی سی ورلڈ ٹی 20کا بھی آخری لیگ میچ ہوگا۔گروپ ٹومیں تین تین میچ کھیل کر بھارت پہلے اور ویسٹ انڈیز دوسرے نمبر پر ہے۔

مزید خبریں :