پاکستان
06 اپریل ، 2012

سندھ میں میٹرک کے امتحانات،لوڈشیڈنگ اور نقل عروج پر

سندھ میں میٹرک کے امتحانات،لوڈشیڈنگ اور نقل عروج پر

کراچی… سندھ بھر میں نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات کا آج دوسراپرچہ تھا،بیشترامتحانی مراکزمیں طباوطالبات نقل کرتے دکھائی دیئے،امتحانی سینٹرزمیں لوڈشیڈنگ نے بھی طالبعلموں کوامتحانات کی ادائیگی کے دوران پریشان کئے رکھا،تعلیمی بورڈسکھرکے تحت گھوٹکی،نوشہروفیروزاور خیرپور اضلاع میں آج دسویں جماعت کاانگلش کاپرچہ ہوا، نوشہروفیروز میں پیپر 9 بجے سے پہلے ہی آوٴٹ ہو کرشہر کی فوٹو اسٹیٹ کی دکانوں پر پہنچ گیا جہاں طلبہ کا رش لگا رہا، جبکہ انتظامیہ کی جانب سے امتحان کے دوران فوٹو اسٹیٹ کی دکانیں کھولنے پر پابندی عائد ہے۔ میرپورخاص تعلیمی بورڈ کے زیراہتمام سانگڑھ ، عمرکوٹ، تھرپارکر اور میرپورخاص میں میٹرک کا انگلش کا پرچہ تھا، گزشتہ روز کی کی طرح آج بھی طلبا و طالبات کھلے عام نقل کرتے دکھائی دئے جس کی روک تھام کے لئے تعلیمی بورڈ کا کوئی اہلکار نظر نہیں آیا، ثانوی تعلیمی بورڈ حیدرآباد کے تحت آج دادو، بدین، نواب شاہ، ٹنڈومحمدخان، مٹیاری، ٹھٹھہ، جامشورو اور ٹنڈوالہ یار میں دسویں جماعت کا اسلامیات کا پیپر ہوا، اس دوران تعلیمی بورڈ حکام نے امتحانی مراکز سے نقل کرنے والے 32 طلبا کے خلاف کاپی کیس اور 4 انویجی لیٹرز کے خلاف محکمہ جاتی کارروای کی، لاڑکانہ میں بھی دسویں جماعت کے اردو سلیس کے پیپر کے دوران طلبا و طالبات نقل کرتے دکھائی دیئے، تعلیمی بورڈ حکام کی بار بار اپیلوں کے باوجود امتحانات کے دوران نہ تو لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم ہوا اور نہ ہی اس کے اوقات کار تبدیل کئے گئے ہیں،جس کے باعث طلبا و طالبات کو امتحانات کی تیاری اورادائیگی میں شدیدمشکلات درپیش ہیں۔

مزید خبریں :