کھیل
03 اپریل ، 2014

ٹیم میں گروپنگ نہیں، حفیظ نے ہارکی ذمہ داری لیکر کپتانی چھوڑ دی، نجم سیٹھی

ٹیم میں گروپنگ نہیں، حفیظ نے ہارکی ذمہ داری لیکر کپتانی چھوڑ دی، نجم سیٹھی

لاہور…پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ قومی ٹیم میں کوئی گروپنگ نہیں، حفیظ نے ہارکی ذمہ داری لے کر کپتانی چھوڑ دی، محمد حفیظ نے شکست کی ذمے داری لے کر بہادری دکھائی،آئندہ 4سے5ماہ میں اچھے فیصلے ہوں گے۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے چےئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کا پاکستان کی ٹی 20میں شکست اور کپتان محمد حفیظ کے استعفے کے حوالے سے کہنا تھا کہ کپتان سمیت تمام افراد سے بات چیت کی، محمد حفیظ نے ذمے داری لے کر بہادری دکھائی، حفیظ بورڈ کو موقع دینا چاہتے ہیں کہ ہم سب کچھ دوبارہ کریں۔ نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ ورلڈ ٹی20میں شکست کا مکمل جائزہ لیا جائے گا، ماہرین کے ساتھ مل کر راستے ڈھونڈیں گے، انگلینڈ اور آسٹریلیا کی ہار کے بعد دونوں ملکوں میں ایسا ردعمل نہیں ہوا جیسا پاکستان میں ہوا، سلیکشن، کوچنگ اور کپتانی کی غلطیاں ہوئی ہیں۔ نجم سیٹھی نے کہا کہ محمدحفیظ کو کپتانی سے ہٹانے کا میں نے نہیں کہا، یہ ان کا اپنا فیصلہ ہے، کپتان سمیت تمام افراد سے بات چیت کی، پرانی کمیٹی نے جب ٹیم منتخب کی تھی تو کئی سوال کھڑے ہوئے تھے، پرانی سلیکشن میں کوئی غلطی تھی تو اب راشد لطیف آگئے ہیں، میں صرف سلیکشن کمیٹی سے پوچھ سکتا ہوں اس سے آگے میرا کام نہیں، صرف اپنا خیال بتا سکتا ہوں، میری بات نہ بھی مانیں تو سلیکشن کمیٹی کی بات مانی جاتی ہے، راشد لطیف آگئے ہیں، تگڑے آدمی ہیں ٹیم سلیکٹ کریں گے تو ذمے داری بھی لیں گے، ہمارے پاس 4سے 6ماہ ہیں، نئی ٹیم، نئے کوچ اور نئی کمیٹی بنانی ہے، وسیم اکرم کی کمیٹی گزشتہ چیئرمین نے بنائی تھی، تمام افراد کو اسی لیے 2ماہ دیے تھے کہ بعد میں نظرثانی کرسکیں، آفریدی کا سنا کہ اس نے پریس کانفرنس کی ہے تو میں نے پوچھا کہ ہم نے اجازت دی تھی یا نہیں؟ شاہد آفریدی نے اجازت لی ہے یا نہیں یہ سبحان احمد بتائیں گے، آفریدی کی جگہ میں ہوتا تو کہہ سکتا تھا کہ مجھے بات کرنے کی اجازت نہیں، دوسرا طریقہ یہ تھا کہ میں بات کرلیتا کیونکہ میڈیا گھیر لیتا ہے، کرکٹر نے میڈیا کے سوال کا جواب دے بھی دیا تو مجھے مسئلہ ہونا چاہیے میڈیا کو نہیں، محمد اکرم کو 2سال کا کنٹریکٹ سابق چیئرمین نے دیا تھا تو بہتر ہے کہ ان سے کام لیا جائے۔ نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ ہمیں تینوں فارمیٹ اور آئندہ ورلڈکپ کا بھی سوچنا ہے، بگ تھری کے معاملے پر اجلاس میں شرکت کے لیے دبئی جا رہا ہوں، دنیا سے ورلڈ کلاس فیلڈنگ کوچ چاہیے، فٹنس اور فیلڈنگ پاکستان ٹیم کے اہم مسائل ہیں۔

مزید خبریں :