11 اپریل ، 2014
لاہور…پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر اعتزاز احسن کا کہنا ہے کہ فوج اور حکومت کے درمیان خلیج بڑھتی جا رہی ہے، اس وقت جمہوریت کو خطرہ ہے، اگر نواز شریف کی حکومت کو کسی نے میلی آنکھ سے دیکھا توپیپلز پارٹی اسکی شدید مخالفت کرے گی۔ لاہور پنجابی کمپلیکس میں معروف پنجابی شاعر بابا نجمی کے اعزاز میں ایک شام کے موقع پر سینیٹر اعتزازاحسن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ درست ہے کہ خواجہ آصف لانگ ہینڈ بیٹنگ کرنے کے عادی نہیں،وہ اکثر شاہد آفریدی بن جاتے ہیں،انکی کارکردگی بھی پریشان کن ہے لیکن جمہوری حکومت کو سویلین جماعتوں کے علاوہ کوئی دیکھے گا تو ہم مخالفت کریں گے۔ ادھر سیشن کورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعتزاز احسن نے کہا کہ این اے 124 میں ایسی بے ضابطگیاں پائی گئی ہیں جس سے الیکشن کا تمام عمل مشکوک ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کچھ ایسے بیا نات آئے ہیں جن سے لگتا ہے حکومت پر دباوٴ ڈالا جا رہا ہے اور حکومت کو متزلزل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔