07 اپریل ، 2012
کوئٹہ… نواب اکبر بگٹی قتل کیس کا چالان مکملکر کے مزید قانونی کاروائی کے لئے سیشن جج کوہلو کی عدالت کو بھجوادیا گیا۔کوئٹہ میں کرائم برانچ ذرائع کے مطابق نواب اکبر بگٹی قتل کیس کی تحقیقات کی ذمہ داری بلوچستان ہائی کورٹ کے حکم پر کرائم برانچ کو سونپی گئی تھی ، جس پر اس کی جانب سے اس ہائی پروفائل قتل کیس کا چالان مکمل کیا گیا جس میں نواب اکبر بگٹی قتل کیس کے حوالے سے سابق صدر پرویز مشرف ، سابق وزیراعظم شوکت عزیز، سابق گورنر اویس غنی وسابق وزیراعلی جام یوسف، سابق وفاقی وزیر داخلہ آفتاب شیرپاو اور صوبائی وزیر داخلہ میر شعیب نوشیروانی کو نامزد کیا گیا ہے، کرائم برانچ ذرائع کے مطابق اس چالان کو اب سیشن جج کوہلو کی عدالت میں پیش کرنے کے لئے بھجوادیا گیا، اس حوالے سے نواب بگٹی کے بڑے صاحبزادے جمیل بگٹی نے پرویز مشرف، شوکت عزیز، جام یوسف، سابق گورنراویس غنی، آفتاب احمد شیرپاو اور شعیب نورشیروانی کے خلاف اپنے والد کے قتل کی ایف آئی آر درج کرائی تھی جس پر گذشتہ سال چار نومبر کو جوڈیشیل مجسٹریٹ کوئٹہ کی عدالت نے کاروائی کرتے ہوئے سابق صدر پرویز مشرف، اس وقت کے وزیراعظم شوکت عزیز اور میر شعیب نوشیروانی کے گرفتاری کے وارنٹ جاری کردئیے تھے، تاہم ہائی کورٹ میں جمع کرائے گئے اپنے بیانات میں تحقیقات کے حوالے سے مکمل یقین دہانی کے بعد آفتاب شیرپاو، اویس احمد غنی اور جام یوسف کو گرفتاری کے وارنٹ نہیں بھجوائے گئے تھے۔