15 اپریل ، 2014
ایبٹ آباد…اسلام آباد میں مبینہ طور پر سفاک ماموں کے ہاتھوں قتل ہونے والے 2کمسن بھانجوں کی تدفین ایبٹ آباد میں کردی گئی۔جگرگوشوں کے بے رحمانہ قتل پر والدین غم سے بے حال ہیں۔موت کے گھاٹ اتارے گئے 2 کمسن بھائیوں کی لاشیں جب ایبٹ آباد کے علاقے ڈبران میں ان کے گھر پہنچی تو غم سے نڈھال والدین کی حالت مزید غیر ہوگئی۔ہر آنکھ اشکبار تھی۔بچوں کو نماز جنازہ کے بعد مقامی قبرستان میں تدفین کردی گئی۔دونوں بچوں کی لاشیں پیر کی صبح اسلام آبادکے جنگلات سے ملی تھیں جنہیں مبینہ طور پر ان کے ماموں نے قتل کیا۔جیونیوزسے بات چیت کرتے ہوئے بچوں کے نانا سردارامتیاز نے بتایا کہ بچوں کے ماموں سے کوئی دشمنی نہیں تھی ،وہ ملنسارتھا اوراکثربچوں کو سیرکے لئے اپنے ساتھ لے جایاکرتاتھا۔