07 اپریل ، 2012
کراچی … مصر کے سفیر سعید ہندام نے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کی رہائشگاہ نائن زیرو عزیز آباد کا دورہ کیا اور ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار و رابطہ کمیٹی ارکان رضا ہارون، کنور خالد یونس اور صوبائی وزیر فیصل سبزواری سے ملاقات کی۔ کراچی سے جاری اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں ملک کی سیاسی، معاشی اور اقتصادی صورتحال سمیت دیگر امور پر تفصیلی تبادلہٴ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر مصر کے سفیر نے ایم کیو ایم کی جانب سے ملک بھر میں دہشت گردی کے خاتمے اور قیام امن کی کاوشوں کو سراہا۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے مصر کے سفیر سے ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات کومضبوط بنیادوں پر استوار کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ قبل ازیں مصر کے سفیر کی نائن زیرو آمد پر ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے اراکین نے انہیں خوش آمدید کیا۔ بعد ازاں ایم کیو ایم کے ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار نے مصر کے معزز سفیر کو الطاف حسین کی جدوجہد پر مبنی کتاب مائی لائفس جرنی پیش کی۔