20 اپریل ، 2014
کراچی…وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت کو حامد میر پر قاتلانہ حملے کی ایف آئی آر درج کرنی چاہیے تھی، یہ صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے، تاہم وفاقی حکومت ہر ممکن مدد کیلئے تیار ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے اسپتال میں زیر علاج سینئر اینکر پرسن حامد میر کی عیادت کی ، میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہرشخص اپنا ایجنڈا بندوق کے ذریعے نافذ کرنا چاہتا ہے،حامد میر کے بھائی کے الزامات کا میڈیا سے پتہ چلا، تاہم تفتیش سے پہلے کچھ کہنا قبل ازوقت ہوگا۔پرویز رشید نے کہا کہ واقعہ کراچی میں پیش آیا،سندھ حکومت کو ایف آئی آر درج کرنی چاہیے تھی، وفاقی حکومت ہر ممکن تعاون کوتیار ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ حامد میر آزادی صحافت اور عدلیہ کی بحالی کیلئے کوشش کرتے رہے،ان پر حملہ کرنیوالوں کو تحقیقات کے بعد سخت سزا دی جائے گی ۔