25 اپریل ، 2014
کراچی…آل پاکستان نیوزپیپرز سوسائٹی کے صدر حمید ہارون نے آرمی چیف سے اپیل کی ہے کہ وہ فوج کے مختلف عناصر کی جانب سے انتقامی اقدامات کے خاتمے کے لیے کارروائی کریں۔اے پی این ایس کے صدر حمید ہارون نے ایک بیان میں کہا کہ ریاست کے تمام حصے اور سیکیورٹی ادارے اپنے جذبات کو ٹھنڈا کریں، میڈیا میں بھی حالات کو معمول کی سطح پر لایا جائے۔ عدالتی کمیشن کو فوری طور پر اپنا کام شروع کر دینا چاہیے اور حامد میر و دیگر کی مدد سے ایک قابل اطمینان نتیجے تک پہنچنا چاہیے کہ قاتلانہ حملے میں کون سے عناصر ملوث تھے۔ عدالتی تحقیقات کے نتائج سامنے آنے سے پہلے میڈیا گروپ کے خلاف تادیبی اقدامات کرنا یا سیکیورٹی ادارے کے کسی رکن کو مجرم تصور کرنا انتہائی غیرمنصفانہ ہوگا۔ حمید ہارون نے آرمی چیف جنرل راجیل شریف سے اپیل کی کہ مسلح افواج کے مختلف عناصر کی جانب سے کئے گئے انتقامی اقدامات کے خاتمے کے لئے کارروائی کریں۔یہ کے تمام حصے بھی آئی ایس آئی کے سربراہ یا میڈیا گروپ کے بارے میں ہتک آمیز و بہتان تراشی پر مبنی بیانات و مواد کی اشاعت و نشریات سے گریز کریں۔وزیر اعظم اور وزیر اطلاعات فور ی طور پر تمام اہم قومی صحافتی تنظیموں سے مذاکرات کریں تاکہ صحافیوں کو خطرات سے تحفظ فراہم کرنے کے لیے ایک بامعنی ڈھانچہ تشکیل دیا جاسکے۔حمید ہارون کا کہنا تھا کہ آزادی صحافت کومزید نقصان سے پاکستان کی جمہوریت اور اس سے وابستہ آئینی حقوق کوناقابل تلافی نقصان پہنچے گا۔