08 اپریل ، 2012
پشاور … پیپلز پارٹی شیرپاوٴ کے سربراہ آفتاب شیرپاوٴ نے کہا ہے کہ نیٹو سپلائی سے متعلق فیصلہ عوامی امنگوں کے مطابق ہونا چاہئے، نیٹو سپلائی بحال کرنے کیلئے حکومت پارلیمنٹ کو ہتھیار بنارہی ہے، صدر زرداری کا دورہ بھارت غیر سنجیدہ اور فوٹو سیشن کے علاوہ کچھ نہیں۔ پشاور میں میڈیا سے گفتگو میں آفتاب احمد خان شیرپاوٴ کا کہنا تھا کہ حکومت ملک میں امن و امان کے قیام اور عوام کو ریلیف دینے میں ناکام ہوگئی ہے، کراچی میں لاشوں پر سیاست کی جارہی ہے اورحالات کی خرابی میں برسر اقتدار تینوں سیاسی پارٹیاں برابرکی شریک ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں غیرمعمولی اضافہ اور پھر معمولی کمی عوام کے ساتھ مذاق ہے۔ آفتاب شیرپاوٴ نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں حکمران جماعتوں کو مایوسی ہوگی۔ صدر زرداری کے دورہ بھارت کو غیر سنجیدہ دورہ قرار دیتے ہوئے آفتاب شیرپاوٴ نے کہا کہ یہ دورہ فوٹو سیشن کے سوا کچھ نہیں۔ نیٹو سپلائی کے بحالی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا نیٹو سپلائی بحال کرنے کیلئے حکومت پارلیمنٹ کو ہتھیار بنارہی ہے۔