Geo News
Geo News

پاکستان
28 اپریل ، 2014

کراچی :مدرسے میں دستی بم دھماکا، چارطالب علم جاں بحق ،7 زخمی

کراچی :مدرسے میں دستی بم دھماکا، چارطالب علم جاں بحق ،7 زخمی

کراچی…کراچی کے علاقے اورنگی ٹاون میں واقع طاہریہ مدرسے میں دستی بم پھٹنے سے چارطالب علم جاں بحق اور7 افراد زخمی ہوگئے، ایس ایس پی ویسٹ عرفان بلوچ کے مطابق ابتدائی تفتیش سے معلوم ہواہے کہ بم مدرسے کے ایک طالب علم کو قریبی نالے سے ملا تھا۔کراچی کے علاقے اورنگی ٹاون میں بدر چوک کے قریب واقع جامعہ طاہریہ میں پیر کی صبح زوردار دھماکا ہوا، دھماکاعین اس وقت ہوا جب مدرسے میں تدریسی عمل جاری تھا، دھماکے سے مدرسے کے کمرہ تدریس میں موجود 11بچے زخمی ہوئے جنھیں اسپتال منتقل کیا گیا تاہم ان میں سے چار جانبر نہ ہوسکے جبکہ 7 بچے اسپتال میں زیر علاج ہیں، مدرسے کے اساتذہ کے مطابق اچانک کوئی چیز باہرسے آکر گری جس سے زوردار دھماکا ہوگیا۔ واقعے کی اطلاع پر پولیس، رینجرز اور دیگر تحقیقاتی ادارے موقع پر پہنچے اور تفتیش شروع کی، ایس ایس پی ویسٹ عرفان بلوچ کے مطابق دھماکے میں زخمی ہونے والے ایک بچے نے تفتیش کاروں کو بتایا کہ دھماکے میں جاں بحق ہونے والے کم عمر طالب علم سلمان کو قریبی نالے سے بم ملا تھاجسے وہ اٹھا کر مدرسے میں لے آیا اوروہاں دیگر طالب علموں کو بم دکھانے لگا تو اسی دوران دھماکا ہو گیا ،جس میں سلمان سمیت چار بچے جاں بحق جبکہ 7زخمی ہوگئے۔ دھماکے کی کوریج کرنے والی جیو نیوز سمیت دیگر چینلزکی ٹیموں کو مشتعل افراد نے شدید تشدد کا نشانہ بھی بنایا۔

مزید خبریں :