Geo News
Geo News

پاکستان
30 اپریل ، 2014

سٹیزن فاؤنڈیشن کے تحت ہیوسٹن میں تقریب

 سٹیزن فاؤنڈیشن کے تحت ہیوسٹن میں تقریب

ہیوسٹن…راجہ زاہد اختر خانزادہ/ نمائندہ خصوصی… پاکستان کے چاروں صوبوں اور آزاد کشمیر کے پسماندہ علاقوں میں اسکولوں کے ذریعے وہاں کے بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے والی تنظیم سٹیزن فاؤنڈیشن کی جانب سے ہیوسٹن میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس کا مقصد پاکستان میں مزید اسکولوں کے قیام کیلئے فنڈز جمع کرنا اور تعلیم کے بل بوتے پر غیر معمولی کامیابیاں حاصل کرنے والی نمایاں تاجر شخصیت سید جاوید انور کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنا تھا۔ تقریب میں پاکستان کے قونصل جنرل افضال محمود سمیت ہیوسٹن کراچی سسٹر سٹی کے صدر سعید شیخ‘ ممتاز کمیونٹی شخصیات اٹارنی نعمان حسن‘ ڈاکٹر طارق عزیز‘ ڈاکٹر امتیاز انور‘ ہارون شیخ‘ ساجد شیخ‘ ہارون مغل‘ مس نیلوفر سعید سمیت ایک ہزار سے زائد ممتاز شخصیات نے شرکت کی اور چند گھنٹوں میں پاکستان میں اسکولوں کے قیام کیلئے 1.3 ملین ڈالرز کی رقم جمع کر لی جس میں ایک لاکھ ڈالر کا عطیہ تاجر سید جاوید انور نے دیا۔ اس تقریب میں سید جاوید انور کو مہمان خصوصی کا اعزاز بخشا گیا اور ان کو خصوصی ایوارڈ بھی دیا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید جاوید انور نے کہاکہ اس تقریب کے منتظمین نے جب مجھ سے رابطہ کیا تو میں نے ان سے متعلق تحقیق کی تو پتہ چلا کہ ان کے اسکولوں میں پڑھنے والے طلبہ و طالبات کی کہانیاں بھی میری کہانی کی طرح ہیں جس نے مجھے بہت متاثر کیا۔ انہوں نے کہاکہ میری والدہ پاکستان میں سنگل مدر تھیں اور بحیثیت ٹیلی فون آپریشن کام کرتی تھیں۔ انہوں نے اپنے حالات زندگی بتاتے ہوئے کہاکہ جب انہوں نے میٹرک پاس کیا تو اس کے بعد انہوں نے آدمجی سائنس کالج کراچی میں داخلہ لیا مگر ان کے پاس فیس کے پیسے نہیں تھے جس کو انکل آدمجی نے معاف کیا۔ انہوں نے کہاکہ میں 18 سال کی عمر میں امریکہ آیا اور یہاں محنت مزدوری اور نوکری کر کے اپنی تعلیم جاری رکھی اور پٹرولیم انجینئرنگ میں ڈگری حاصل کرنے کے بعد کچھ عرصہ نوکری کی اور 1984ء میں اپنی پٹرولیم کمپنی قائم کی جو کہ آج ملٹی ملین کمپنی ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ سب کچھ تعلیم کی بدولت ہی ممکن ہوا اگر میں تعلیم مکمل نہ کر پاتا تو شاید آج اس پوڈیم پر کھڑا نہ ہوتا انہوں نے کہاکہ میری خواہش ہے کہ پسماندہ علاقوں میں بچے تعلیم حاصل کریں اور میرا مقصد اور مشن یہی ہے کہ اس کے لئے جو بھی مجھ سے ہو سکے وہ کروں۔ اس موقع پر تنظیم کی جانب سے بابر سلیمان اور ان کے عملے کا تعارف بھی کرایا گیا جو کہ آئندہ ماہ ایک انجن جہاز کے ذریعے 30 دنوں میں پوری دنیا کا چکر لگا کر گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں اپنا نام درج کرانے کا ارادہ رکھتے ہیں جبکہ اس سے حاصل ہونے والی آمدنی وہ ان اسکولوں کو عطیہ کریں گے۔ اس موقع پر تاجر سید جاوید انور کی ایک ڈاکیومنٹری بھی حاضرین کو دکھائی گئی جس میں سابق امریکی صدر جارج بش اور گورنر ٹیکساس رک پیری سمیت متعدد امریکی نمایاں شخصیات نے سید جاوید انور کو ان کی کامیابیوں پر خراج تحسین پیش کیا اور کہاکہ یہ امریکہ اور ریاست ٹیکساس کیلئے ایک اثاثہ ہیں تاجر سید جاوید انور نہ صرف پاکستان بلکہ امریکہ کے تعلیمی اداروں کو بھی کئی ملین ڈالر سالانہ کی امداد فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے یونیورسٹی آف آسٹن کو حال ہی میں 4 ملین ڈالر اور ہر سال ایک ملین ڈالر کا عطیہ بھی دیا تھا۔ مذکورہ تقریب میں پاکستان کے اسکولوں کی کارکردگی سے متعلق اور سٹیزن فاؤنڈیشن کے پروگراموں سے متعلق حاضرین کو آگاہی فراہم کی گئی۔ ہیوسٹن چیپٹر کے صدر عبداللہ جعفری نے اس موقع پر آنے والے تمام مہمانوں سے اظہار تشکر کیا۔

مزید خبریں :