22 جنوری ، 2012
کراچی . . . . . . وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ کراچی کے 1400 سے زائد گوٹھوں کو لیز کر رہے ہیں کئی دہائیوں سے قائم گوٹھوں کو لیز دینا آسان کام نہیں تھا۔ یہ بات انہوں نے ملیر میں پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے تحت گوٹھوں کو لیز دینے کی تقریب کے سلسلے میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے عوام سے کئے گئے وعدے پورے کئے ہیں اور آئندہ بھی مایوس نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ غریبوں اور بے گھر لوگوں کو 17 ہزار پلاٹ دیئے جائیں گے، پیپلز پارٹی کی عوامی حکومت نے بے زمین ہاری خواتین کو کاشتکاری کیلئے زمینیں دیں۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہاکہ سندھ حکومت نے 70 ہزار لوگوں کو روزگار دیا ، مزید نوجوانوں کو بھی روزگار دیں گے۔ اس موقع پر جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر سینیٹر فیصل رضا عابدی نے شہر اور مضافات میں قائم 1417 گوٹھوں کو لیز دینے کا علان کیا۔ صدر پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن نے کہا کہ 12 فروری تک کراچی کے تمام گوٹھوں کو لیز کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے 745 جعلی گوٹھوں کو منسوخ کر دیا ہے۔ صدر پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن نے کہا کہ کوئی پیپلز پارٹی کو ختم نہیں کر سکتا، دور حاضر کے بھٹو کا نام زرداری ہے۔