10 مئی ، 2014
کراچی…کراچی کے علاقے ڈیفنس میں قتل ہونے والے سلیمان لاشاری کے والد سردارغلام مصطفی لاشاری کا کہنا ہے کہ وہ اپنے بیٹے کے قتل کا انصاف ملنے تک چپ نہیں بیٹھیں گے،چیف جسٹس از خود نوٹس لیں۔ کراچی میں جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے سردار غلام مصطفی لاشاری نے کہا کہ سلمان ابڑوگاڑی بھر کر اپنے گارڈ لایا تھا، اس نے گھرآنے کے ساتھ ہی اندھا دھند فائرنگ شروع کردی۔ غلام مصطفی لاشاری نے سلمان ابڑو کے والد اور ایس پی سکرنڈ غلام سرورابڑو کو برطرف کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے بیٹے کے قتل میں انصاف چاہتے ہیں۔ ادھر انسداد دہشت گردی عدالت نے سلیمان لاشاری قتل کیس میں گرفتار چار پولیس اہلکاروں کو7روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دیدیا،عدالت نے زیر علاج ملزم کا ریمانڈ دینے سے انکار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ جب ملزم عدالت آنے کے قابل ہوجائے تب اسے پیش کر کے ریمانڈ لیاجائے۔