22 جنوری ، 2012
کراچی . . . . . متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے گزشتہ دنوں ملتان سے غیر ملکی این جی او کے جرمن اور برطانوی اہلکار کے اغواء کی واردات پر گہری تشویش کااظہا رکیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ مغویان کو فی الفور بازیاب کرایا جائے۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہا کہ این جی او کے جرمن اور برطانوی اہلکار سیلاب متاثرین کیلئے کام کررہے تھے اور ان کے اغواء کی واردات نہ صرف افسوسناک ہے بلکہ پاکستان کا امیج دنیا میں خراب کرنے کے مترادف ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔ رابطہ کمیٹی نے صدر مملکت، وزیراعظم، وفاقی وزیر داخلہ اور وزیرا علیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا کہ ملتان سے غیر ملکی این جی او کے اہلکاروں کے اغواء کا سختی سے نوٹس لیا جائے اور اس میں ملوث اغواء کاروں کو فی الفور گرفتارکرکے مغویان کی بحفاظت واپسی یقینی بنانے کیلئے ٹھوس اور مثبت اقدامات بروئے کار لائے جائیں۔