16 مئی ، 2014
نئی دہلی…بھارت میں لوک سبھا کے انتخابات کے بعد ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔ ابتدائی نتائج میں حکمراں کانگریس کی شکست اور بھارتیہ جنتا پارٹی کی نمایاں برتری واضح ہے اور نریندر مودی کے وزیراعظم بننے کا امکان بڑھ گیا ہے،بھارت کے پارلیمانی انتخابات کی 543 نشستوں کے لیے 8 ہزار امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوا۔ بھارتی الیکشن کمیشن کے مطابق 9 مرحلوں پر مشتمل انتخابات میں ووٹنگ کی شرح 66 فیصد رہی۔ ابتدائی نتائج میں حکمراں جماعت کانگریس پر بی جے پی کا پلڑا بھاری ہے۔ الیکشن کمیشن کے اب تک کے جاری کردہ نتائج کے مطابق بھارتیہ جنتا پارٹی کو 135 اور سونیا گاندھی کی کانگریس کو صرف 35 نشستیں ملی ہیں۔اتر پردیش اور بہار میں بی جے پی نے واضح اکثریت حاصل کی ہے جبکہ دہلی کی نشستوں پر بھی بی جے پی کے ہی امیدوار وں کی کامیابی کا امکان ہے۔بی جے پی کی جانب سے وزارت عظمیٰ کے مضبوط امیدوار نریندر مودی کے گاوٴں میں پہلے ہی جشن کا سماں ہے۔