پاکستان
21 مئی ، 2014

سینئرصحافی رئیس کمال اور مفتی منیب سے الطاف حسین کی تعزیت

سینئرصحافی رئیس کمال اور مفتی منیب سے الطاف حسین کی تعزیت

لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے سینئر صحافی رئیس کمال کی والدہ محترمہ نورجہاں کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ایک تعزیتی بیان میں الطاف حسین نے مرحومہ کے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں مجھ سمیت ایم کیوایم کے تمام کارکنان وہمدرد عوام آ پ کے غم میں برابر کے شریک ہیں،انھوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطافرمائے اور سوگواران کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ دے۔(آمین)۔دریں اثناء الطاف حسین نے بورے والا میں ملتان روڈپر بس اور ٹرک میں تصادم کے نتیجے میں متعدد افراد کے جاں بحق اور زخمی ہونے کے واقع پردکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں ٹریفک حادثات اور ان کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کازیاں روز کا معمول بن چکا ہے جو کہ انتہائی افسوس کا باعث ہے۔ الطاف حسین نے ٹریفک حادثے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی مغفرت اوردرجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد و مکمل صحتیابی کے لیے دعا کی ہے ۔علاوہ ازیں ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے رکن عبدالحسیب کے ہمراہ ایم کیوایم کے نمائندہ وفدنے معروف عالم دین مفتی منیب الرحمن کے صاحبزادے ضیاء الرحمن مرحوم کی نمازجنازہ اور تدفین میں شرکت کی اورمفتی منیب الرحمن سمیت تمام سوگواران کے صبرجمیل کے لئے دعائیں کیں ۔ اس موقع پروفدنے مفتی منیب الرحمن سے ملاقات کرکے قائدتحریک الطاف حسین کی جانب سے ان کے بیٹے کے انتقال پردلی رنج وغم کااظہارکیااورمرحوم کی مغفرت،ان کے درجات کی بلندی کے لئے فاتحہ خوانی کی۔ایم کیوایم کے وفدمیں حق پرست اراکین اسمبلی مزمل قریشی،خالدبن ولایت،ارتضی فاروقی،علماء کمیٹی کے انچارج جاویداحمد،متحدہ بین المسلمین کے مولانااسددیو بندی ، مفتی شمیم ، ڈاکٹرجمیل راٹھورکے علاوہ دیگر ذمہ داران وکارکنان شامل تھے۔دریں اثناء الطاف حسین نے کراچی کے علاقے ناظم آباد میں واقع رینجرز ہیڈ کواٹر کے نزدیک بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ دہشتگردوں نے ایک مرتبہ پھر اپنی مذموم کار روائیوں کا سلسلہ تیز کردیا ہے جو ملک کے محافظوں کو دن دھاڑے نشانہ بنا کر سیکورٹی اداروں اور پاکستانی عوام کے حوصلوں کو پست کرنا چاہتے ہیں لیکن پاکستانی عوام ماضی میں بھی اپنے ملک کے محافظوں کے ساتھ تھے اور آج بھی وہ افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ۔ الطاف حسین نے دھماکے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد و مکمل صحتیابی کے لیے دعا کی ہے ،اور وزیر اعظم نواز شریف ، وزیر داخلہ چوہدری نثار علی اور وزیر اعلیٰ سندھ سے مطالبہ کیاہے کہ وہ دھماکے میں ملوث دہشتگردوں کے خلاف فیصلہ کن کار روائی کے احکامات جاری کریں۔ الطاف حسین نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ دہشتگردانہ کار روائیوں سے خوف زدہ نہ ہوں اورملک کوغیر مستحکم کرنے کی تمام سازشوں کو ناکام بنادیں ۔

مزید خبریں :