10 اپریل ، 2012
اسلام آباد…جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ وہ امن کی ہر بات کا خیر مقدم اور جنگ کی مزاحمت کریں گے، امریکی سفیر کے ساتھ ملاقات کا کوئی خاص ایجنڈا نہیں تھا،انہیں بتایا ہے کہ دنیا کے ساتھ دوستی چاہتے ہیں لیکن وہ اصولوں کے مطابق ہونی چاہیے ، پارلیمنٹ کو یرغمال بنا کر فیصلے نہیں کیے جا سکتے ،اسلام آباد میں امریکی سفیر کیمرون منٹر سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے بتایا کہ ان کی امریکی سفیر کے ساتھ ملاقات میں مختلف امور پر بات ہوئی،امریکا کو بتایا ہے کہ عالمی تعلقات متعین اصولوں کے مطابق ہونے چاہئیں اور ہمیں خطے میں امن کی طرف بڑھنا چاہیے ، انہوں نے کہا کہ افغان حکومت اور امریکا طالبان کے ساتھ مذاکرات کر رہے ہیں، مولانافضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ڈرون حملوں سے پاکستان میں امریکاکے خلاف جذبات اور انتہا پسندی بڑھ رہی ہے،افغان مسئلے کے حل میں پاکستان کا کردار ہونا چاہیے ، ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتوں میں رابطے کی کمی ہے۔