10 اپریل ، 2012
پشاور…پشاور ہائی کورٹ نے صوبہ بھر کی اعلیٰ اور ماتحت عدالتوں میں سائلیوں کے ہمراہ آنے والے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا انتظام کرنے کا حکم دیاہے۔یہ حکم پشاور ہائی کور ٹ کے چیف جسٹس دوست محمد خان نے از خود نوٹس کی سماعت کے دوران دیئے۔ ڈائریکٹر جنرل صحت ڈاکٹر شریف خان عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے حکم دیا کہ پولیو کے قطرے پینے سے محروم بچوں کے لئے ہائی کورٹ اور ماتحت عدالتوں کے احاطے میں ویکسینیشن کا انتظام کیا جائے۔چیف جسٹس نے حکم دیا کہ سائلین کے ہمراہ آنیو الے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا انتظام کیا جائے ۔ چیف جسٹس نے سرکاری اسپتالوں میں صفائی کا معیار اے ون گریڈ بنانے کا بھی حکم دیا۔ چیف جسٹس نے حکم دیا کہ عدالت کے حکم پر بنائی جانیو الی صحت پالیسی پر اس کی روح کے مطابق عمل درآمد کرایا جائے اور ادویات کی خریداری کے لئے قائم کمیٹی کے نام عدالت کو فراہم کئے جائیں۔