Geo News
Geo News

پاکستان
25 مئی ، 2014

میڈیا کی آزادی کے خلاف کوئی کارروائی قبول نہیں کرینگے،سی پی این ای

میڈیا کی آزادی کے خلاف کوئی کارروائی قبول نہیں کرینگے،سی پی این ای

کوئٹہ…کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) کی اسٹینڈنگ کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ وہ میڈیا کیآزادی کے خلاف کوئی کارروائی کسی صورت قبول نہیں کریگی، کسی بھی ٹی وی چینل کے لائسنس کی منسوخی اور کسی بھی اخبار کے ڈکلیئریشن کی تنسیخ کسی حالت میں قابل قبول نہیں ہوگی۔ اس سے کوئی مسئلہ حل ہونے کے بجائے مزید مسائل پیدا ہونگے اور معاشرے میں ایسا ہیجان اور اضطراب جنم لے گا جس سے ہمارا جمہوری عمل شدید طورپر متاثر ہوسکتا ہے۔ سی پی این ای اسٹینڈنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت مجیب الرحمان شامی نے کی۔ اجلاس میں ممتاز اخبار نویس حامد میر پر قاتلانہ حملے کے بعد پیدا ہونیوالے حالات و واقعات کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا اورآ ایس آئی کے ڈائریکٹر جنرل کے حوالے سے کی جانیوالی کوریج پر بھی تشویش کااظہار کرتے ہوئے تمام میڈیا اداروں سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اپنے داخلی ، ادارتی نظم و ضبط کو بہتر بنائیں۔ تمام ادارے ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کریں۔ وزارت دفاع کی طرف سے پیمرا کو جو شکایت بھجوائی گئی ہے وہ ابھی تک زیر سماعت ہے لیکن مختلف مقامات پر کیبل آپریٹرز نے اپنے اپنے طورپر جیو کی نشریات کو بند کردیا ہے اور روزنامہ جنگ کی ترسیل میں جگہ جگہ خلل ڈالا جارہا ہے یہ تمام کارروائیاں غیر قانونی ہیں اور حکومت پر لازم ہے کہ وہ ذمہ داروں کیخلاف قانون کو حرکت میں لائے۔ اجلاس میں یہ بھی واضح کیا گیا کہ کوئی بھی میڈیا ہاؤس یا اخبار قانون سے بالا تر نہیں ہے اس کے خلاف کوئی بھی اقدام قانون کے تحت قائم عدالتوں کے ذریعے ہونا چاہئے۔ یکطرفہ کارروائیوں سے حالات کو بہتر بنانے میں کوئی مدد نہیں ملے گی۔ اجلاس میں مختلف میڈیا ہاؤسز کے درمیان بڑھتی ہوئی چپقلش اور ایک دوسرے کے خلاف چلائی جانیوالی مہم پر بھی گہرے اضطراب کا اظہار کیا گیا اور مطالبہ کیا گیا کہ پی بی اے اس صورتحال کو سنبھالنے کیلئے اقدامات کرے۔ اپنے ارکان کے درمیان کوئی ایسا ضابطہ کار نافذ کریں۔اجلاس میں سی پی این ای کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر جبار خٹک، خوشنود علی خان الطاف حسین قریشی، امتیاز عالم، نذیر لغاری، جمیل اطہر قاضی، راشد رحمٰن ، عطا الرحمٰن ، رحمت علی رازی، سہیل وڑائچ، ایاز خان ، صدیق بلوچ، طاہر فاروق، طاہر نجمی ، وسیم احمد، ایس ایم منیر جیلانی، غلام نبی چانڈیو، عبدالخالق علی مارشل، ہمایوں طارق ، اویس اسلم علی، نجم الدین شیخ، نوید چوہدری، سجاد عباسی، سید رشید عبید، سید ممتاز شاہ، فیصل شاہ جہاں، دانش افتخار ، ڈاکٹر فوزیہ خان، زاہد عباسی، دردانہ شہاب، انور ساجدی، عارف بلوچ، انور ناصر، سید خلیل الرحمٰن، منیر احمد بلوچ، داداشاہ اچکزئی، نعیم صادق سمیت ممتاز مدیران اخبارات و جرائد نے شرکت کی جبکہ بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے صدر عرفان سعید خصوصی دعوت پر شریک ہوئے۔

مزید خبریں :