پاکستان
06 جون ، 2014

کارکن اتحاد برقرار رکھیں،میرے حوصلے مضبوط ہیں، الطاف حسین

 کارکن اتحاد برقرار رکھیں،میرے حوصلے مضبوط ہیں، الطاف حسین

لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے جمعرات کی شام لندن کے مقامی اسپتال سے ایم کیوایم انٹرنیشنل سیکریٹریٹ لندن فون کیا اور رابطہ کمیٹی کے ارکان اورسیکریٹریٹ میں موجود تمام کارکنان کو اپنی خیریت سے آگاہ کیا ۔ اس موقع پر برطانیہ میں پاکستان کے سابق سفیر واجد شمس الحسن ، سابق وفاقی وزیرڈاکٹر عاصم حسین اور الطاف حسین کے چھوٹے بھائی اسرارحسین بھی موجود تھے۔الطاف حسین نے رابطہ کمیٹی کے ارکان کوبتایا کہ تھوڑی دیر میں مجھے انجیوگرافی کیلئے لے جایا جائے گا۔ انہوں نے دنیا بھر میں مقیم ایم کیوایم کے ذمہ داران، کارکنان ، ہمدرد ماوٴں ، بہنوں ، بزرگوں ، نوجوانوں اور معصوم بچوں سے اپیل کی کہ اللہ تعالیٰ کے حضورمیری جلدومکمل صحت یابی کیلئے خصوصی دعا کریں،انھوں نے کارکنان وہمدرد عوام کو پیغام دیتے ہوئے کہاکہ آپ کے بھائی الطاف حسین ایک بہادر اور نڈر انسان ہیں اور آزمائش کے مراحل میں بھی ان کے حوصلے چٹان کی طرح مضبوط ہیں ۔ انہوں نے کارکنان کو تلقین کی وہ اس کھٹن اور مشکل وقت میں اپنے اتحاد کو برقراررکھیں،دانشمندی کے ساتھ پرامن جدوجہد جاری رکھیں اور حق پرستانہ پیغام کے فروغ کیلئے اپنا کردارادا کرتے رہیں، انشاء اللہ فتح حق پرستوں کا مقدر ثابت ہوگی۔ اس موقع پر رابطہ کمیٹی کے ارکان اورسیکریٹریٹ میں موجود تمام کارکنان نے االطاف حسین کو یقین دلایا کہ ایم کیوایم کے کارکنان وعوام متحد ومنظم ہیں اور ان کی ولولہ انگیز قیادت میں ہرقسم کے حالات کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہیں ۔ ذمہ داران اور کارکنان نے الطاف حسین کی خیریت دریافت کی اور ان کی صحت وسلامتی کیلئے دعائیں کیں ۔ بعدازاں واجد شمس الحسن اور ڈاکٹر عاصم حسین نے بھی الطاف حسین سے گفتگو کی اور انہیں سابق صدر آصف علی زرداری کی جانب سے اظہار یکجہتی اور خیرسگالی کا پیغام پہنچایا۔

مزید خبریں :