06 جون ، 2014
کراچی.....الطاف حسین سے اظہار یکجہتی کے لئے کراچی میں نمائش چورنگی پر ایم کیو ایم کا دھرنا بدستور جاری ہے۔دھرنے میں الطاف حسین کی تن درستی کے لیے دعائیں مانگی گئیں ۔اس موقع پر رکن رابطہ کمیٹی ڈاکٹر صغیر احمد نے کہا ہے کہ الطاف حسین کے متوالے پُر امن جد وجہد پریقین رکھتے ہیں۔متحدہ قومی مومنٹ نے دھرنے کا چوتھا روز الطاف حسین کی صحت یابی اور درازی عمر کے لئے یوم دعا کے طور پر منایا۔ نمائش چورنگی پر یوم دعا کے مرکزی اجتماع میں رابطہ کمیٹی کےارکان سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ مولانا تنویر الحق تھانوی نےاجتماعی دعا کرائی۔نمائش چورنگی پر جاری دھرنے کے چوتھے دن بھی مختلف سیاسی ، سماجی ، مذہبی شخصیات ، ڈاکٹرز ، وکلاء ، تجارتی انجمنوں ، مزدور یونینوں اور اسکول ایسوسی ایشن کے وفود نے شرکت کی اورالطاف حسین سے دلی یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اپنے جذبات کااظہارکیا،اورانکی درازی عمر ، صحت و تندرستی کیلئے آیت کریمہ کے ورد میں بھی شریک ہوئے ۔اظہار یکجہتی کیلئے آنے والوں میں سابقہ صدر سپریم کورٹ یاسین آزاداور ان کے رفقاء ،گل حمید منصوری ،نذیر عباسی ، فرحان خان اور قیوم خان کی سربراہی میں جامعہ کراچی کے ملازمین وفد شامل ہیں ۔ رابطہ کمیٹی نے وفود کا شکریہ ادا کیا ۔یاسین آزاد نے کہاکہ ایم کیوایم نے ماضی میںبھی مشکل صورتحال کا سامنا کیا ہے اور اس مشکل ترین حالات میں بھی ایم کیوایم سرخرو ہوکر نکلے گی ۔ علاوہ ازیںکراچی سمیت ملک بھر میں جاری دھرنوں کا چوتھا روز یوم دعا کے طور پر منایا گیا ۔یوم دعا کے اجتماعات سندھ ، پنجاب ، بلوچستان، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں ایم کیوایم کے زونل دفاتر،پریس کلبوں پر دیئے گئے دھرنوں کے علاوہ مساجد ، گرجا گھروں ، گرد واروں ، مندروںاور گلے محلوں میںمنعقد ہوئے جن میں الطاف حسین کی درازی عمر ، صحت و تندرستی اور ناگہانی آفات سے بچائو کیلئے آیتِ کریمہ ، یا سلام ُ اور دیگر قرآنی آیات کا ورد کیا گیا اور خصوصی دعائیں کی گئیں۔اس سلسلے کا مرکزی یوم دعا کراچی نمائش چورنگی پر دیئے گئے مرکزی دھرنے میں منایا گیا جس میںلاکھوں کی تعداد میں نوجوانوں ، بزرگوں ، خواتین ، کارکنان و عوام ، علمائے کرام ، وکلاء ، صحافی ، ڈاکٹرز ، پروفیسرز ، انجینئر ز ، تاجر ، صنعتکار ، سیاسی ، سماجی ، مذہبی شخصیات ، عیسائی ، سکھ اور ہندو کمیونٹی کے مذہبی رہنمائوں سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی ۔ اس موقع پررابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر زڈاکٹر خالد مقبول صدیقی ،ڈاکٹر نصرت ، انجینئر ناصر جمال ،اراکین رابطہ کمیٹی، اراکین قومی وصوبائی اسمبلی اورمختلف ونگز اور شعبہ جات کے اراکین بھی موجود تھے ۔علاوہ ازیں جمعہ کو پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے جنرل سیکریٹری امین یوسف ،کراچی یونین آف جرنلسٹس کے صدر جی ایم جمالی ، حسن عباس اور آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے سابق عہدیدار مجید ابرانی نے اپنے وفود کے ہمراہ شرکت کی اور الطاف حسین سے دلی یکجہتی کااظہار کیا ۔ اس موقع پررکنرابطہ کمیٹی امین الحق نے صحافی تنظیموں اور آرٹس کونسل کے وفد کا خیر مقدم کیا اور انکا شکریہ ادا کیا ۔ پی ایف یو جے کے جنرل سیکریٹری امین یوسف نے کہا کہ ہم اپنی صحافی برادری کی جانب سے اس مشکل وقت میں الطاف حسین سے بھر پور اظہار یکجہتی کرتے ہیں ہماری تنظیم کے صدر رانا عظیم نے لاہور سے پیغام دیا ہے کہ مشکل وقت میں ہم محسنوںکو نہیں بھولتے اور صحافی برادری بھر پور طریقے سے الطاف حسین کے ساتھ ہے ۔کراچی یونین آف جرنلسٹ کے صدر جی ایم جمالی نے کہا کہ ہم الطاف حسین کیلئے کروڑوں پاکستانیوں کے جذبات سے لاتعلق نہیں رہ سکتے ، الطاف حسین نے صحافیوں پر جب بھی کڑا وقت آیا تو ہمارے سر پر شفقت کا ہاتھ رکھا اور ہماری آواز میں آواز ملائی اور ہم الطاف حسین کی محبتوں کے اسیر ہیں ۔