10 جون ، 2014
کراچی..... کراچی ائیرپورٹ پر حملے کو ایک دن گزرچکا، کارگو کمپلیکس کے کولڈ اسٹوریج میں پھنسے 7افراد کیلئے ریسکیو آپریشن جاری ہے، جبکہ اب تک آگ پر قابو پایا نہیں جاسکا۔ کراچی ایئرپورٹ پر حملے کے دوران ایک غیر ملکی کمپنی کے مقامی ملازمین نے کارگو کمپلیکس میں پناہ لے لی تھی ۔ وہاں آگ لگی تو یہ ملازمین اندر رہ گئے اور باہر نہیں نکل سکے۔سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ایک اعلیٰ افسر نے جیونیوز کو بتایا کہ دہشت گردوں کے خاتمے کے بعد صبح ہی اس بات کا علم ہوگیا تھا کہ کارگو کمپلیکس کے اندر کچھ افراد پھنسے ہوئے ہیں۔ اس بارے میں کراچی ایئرپورٹ کے منیجر افسر ملک نے ڈائریکٹر جنرل سی اے اے کو بھی آگاہ کردیا تھا لیکن تمام متعلقہ حکام اعلیٰ حکومتی شخصیات کے پروٹوکول میں مصروف رہے اور کسی نے اس جانب توجہ نہیں دی۔ ذرائع کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی کے پاس ملک کا جدید ترین فائر فائٹنگ سسٹم ہے لیکن ایک دن گزرنے کے باوجود آگ پر ابھی تک پوری طرح قابو نہیں پایا جاسکا۔ لاپتا افراد کے اہلخانہ صبح سے اپنے پیاروں کے لیے تڑپ رہے ہیں ۔